’مودی نے کشمیر پر نہیں بلکہ اقوام متحدہ پر حملہ کیا ہے‘


مظفرآباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر پر تاریخی حملہ ہوا ہے، یہ حملہ نہرو اور گاندھی کے بھارت پر بھی ہے اور اقوام متحدہ پر بھی۔

مظفرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی ایک انتہاپسند وزیراعظم ہے جس کے ہاتھ گجرات کے مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور جس نے کشمیر میں مسلسل ریاستی دہشت گردی جاری رکھی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب مقبوضہ کشمیر پر بات ہوتی ہے تو مریم نواز کو گرفتار کر لیا جاتا ہے، میں یہاں پہنچا تو فریال تالپور کو اسپتال سے گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم قومی اسمبلی میں کہتا ہے کہ میں کیا کروں تو عوام مایوس ہوں گے، ہم مودی کے منتخب ہونے پر مبارکباد بھیجتے ہیں حالانکہ وہ گجرات کا قصاب ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر پاکستان میں مودی جیسی انتہاپسند حکومت ہوتی تو کیا بھارت خاموش رہتا؟

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھارت کو ہر فورم پر بے نقاب کیا جائے، پورا کشمیر حکومت پاکستان کی جانب دیکھ رہا ہے، جو آواز مقبوضہ کشمیر میں دبائی جا رہی ہے اسے یہاں سے اٹھانا چاہیئے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم حکومت کو سونے نہیں دیں گے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پارٹی کی بنیاد کشمیر کاز پر رکھی، محترمہ بے نظیر بھٹو نے کشمیر کے لیے ہر فورم پر جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے نعرہ لگایا تھا ’ہمارا نعرہ سب پر بھاری، رائے شماری رائے شماری‘،

بعد ازاں اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں سے ان کے بنیادی حقوق چھین لیے ہیں اور دنیا بے حسی سے یہ سب دیکھ رہی ہے، جب دنیا میں اچھے لوگ کچھ نہیں کرتے تو برائی غالب آ جاتی ہے۔


متعلقہ خبریں