آج رات شہاب ثاقب کی برسات آسمان کو روشن رکھے گی

آج رات شہاب ثاقب کی برسات آسمان کو روشن رکھے گی

آج رات آسمان کی تاریک فضائیں شہاب ثاقب کی برسات سے روشن ہوں گی، لمحاتی طور پر جگمگاتے مظاہر زمین سے ہمکنار ہونے کے لیے قطار اندر قطار لپکیں گے اور آگ کی لپیٹ میں آ کر خاک ہوتے جائیں گے۔

شہاب ثاقب کی ’پرسی اڈ‘ نامی یہ برسات دراصل دمدار ستارے سوئفٹ ٹٹل کا پیچھے رہ جانے والا ملبہ ہے جو زمین کا رخ کرے گا اور اس کے باعث آسمان پرنور ہو جائے گا۔ اسے زمین سے خلا میں دیکھا جانے والا سب سے خوبصورت نظارہ سمجھا جاتا ہے۔

اس برس چاند بھی آسمان پر اپنی پوری آب و تاب سے چمک رہا ہو گا اور اس کی روشنی شہاب ثاقب کی بارش کا نظارہ تھوڑا دشوار بنا دے گی۔

’پرسی اڈ‘ جب اپنے پورے جوبن پر ہوتا ہے تو ایک گھنٹے میں 60 کے قریب شہاب ثاقب زمین کا رخ کرتے ہیں، چاند کی روشنی کے باعث ان سب کو دیکھنا ممکن نہیں ہو گا پھر بھی اس نظارے کا ایک بڑا حصہ دیکھا جا سکے گا۔

اگرچہ روشنیوں کی یہ بارش 12 اور 13 اگست کی رات 9 بجے شروع ہو جائے گی تاہم اس سے پوری طرح لطف اندوز ہونے کے لیے بہترین وقت رات دو سے تین بجے کا ہے جب نور کا یہ رقص پورے جوبن پر ہو گا۔

شہاب ثاقب کے جلوے دیکھنے کے لیے ایسی جگہ پر چلے جائیں جہاں زیادہ سے زیادہ تاریکی میسر ہو اور اس کے بعد آسمان کو تکنا شروع کر دیں، آپ کو کسی قسم کے آلات کی ضرورت نہیں، قدرت اپنے نظارے دکھانے کے لیے بیتاب بھی ہو گی اور فیاض بھی جس کے باعث ننگی آنکھ کے ذریعے سب کچھ نظر آ جائے گا۔

اگر آسمان تاریک دکھائی دے تو اپنی آنکھوں کو اس سے عادی ہونے کے لیے آدھا گھنٹہ دیں جس کے بعد شہاب ثاقب کی روشنیاں واضح نظر آنے لگیں گی۔

 

 


ٹیگز :
متعلقہ خبریں