پیپلز پارٹی سندھ حکومت کی فکر کرے، فردوس عاشق اعوان

پی ٹی آئی حکومت کل ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کرے گی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت پر تنقید کے بجائے سندھ حکومت کی سیاہ کاریوں پر نظر رکھے اور سندھ حکومت کی فکر کرے۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیےاصولی مؤقف پر قائم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ہمارے مؤقف کی بھرپور تائید کرتے ہوئے ہندوستان کا موَقف مسترد کر دیا۔ بھارت طاقت سے کشمیریوں کا جذبہ حریت نہیں دبا سکتا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سیاست کی نذر نہ کیا جائے جبکہ بلاول بھٹو زرداری کشمیر کی جدوجہد کو ابو بچاؤ اور پھوپھو بچاوؤ مہم سے نہ جوڑیں، وہ یاد رکھیں کہ سندھ میں ان کی کرپشن کی داستانیں زبان زد عام ہیں۔ فریال تالپور کے اکاؤنٹ کے ذرائع کیا ہیں اور ان سے کون فائدہ اٹھاتا رہا ؟

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی صورت ذاتی مفادات کے لیے قومی مفاد پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ پیپلز پارٹی سندھ میں کرپشن پر زیرو ٹالرنس کا اعلان کرے۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعظم یوم آزادی کشمیر میں منائیں گے

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنے گھر سے کرپشن کے خاتمے کا فیصلہ کریں اور کشمیر کاز کے لیے آگے بڑھیں حکومت آپ کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کو تیار ہے۔


متعلقہ خبریں