ملک میں 73واں یوم آزادی کشمیریوں کے نام

ملک میں 73واں یوم آزادی کشمیریوں کے نام

اسلام آباد: ملک بھر میں 73 واں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے جبکہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں بھی نکالی جا رہی ہیں۔

ملک بھر میں آج یوم آزادی یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے اور قومی پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیر کا پرچم بھی ملک بھر لہرایا گیا ہے۔ پاکستان کی فضائیں کشمیر بنے گا پاکستان کی صدا سے گونج اٹھی ہیں۔

نماز فجر کے ادائیگی کے بعد مساجد میں نہ صرف ملکی سلامتی اور امت مسلمہ کی خوشحالی لیے خصوصی دعائیں کی گئیں بلکہ کشمیر کی آزادی اور بھارتی تسلط سے نجات کے لیے بھی دُعائیں کی گئیں۔

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں ‘جنگ مسلط کی گئی تو دنیا اس کے اثرات دیکھے گی’

یومِ آزادی پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ مزار اقبال پر بھی گارڈز کی پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں نادرن لائٹ انفنٹری کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کے مہمان خصوصی نے مزار قائد اور مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔

تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کے سربراہوں نے عوام کو جشن آزادی کی مبارکباد دی اور اپنے اپنے پیغامات جاری کیے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں سرکاری اور غیر سرکاری طور پر پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیر کی آزادی کے نعرے بھی لگائے گئے۔

پاکستانی عوام نے یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں کو اپنی حمایت اور ہر طرح کی قربانی دینے کا بھرپور طریقے سے یقین دلایا۔


متعلقہ خبریں