اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، وزیر اعظم



مظفر آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اگر مودی نے پہل کی تو ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے اور پوری قوم فوج کے ساتھ لڑے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مفادات کی جنگ نہیں لڑ رہے ہمارا اختلاف نظریے پر ہے۔ میں خوش ہوں آج پاکستان کے یوم آزادی پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہوں اور میں دنیا میں کشمیر کا سفیر بنوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں یہ اطلاعات ہیں بھارت آزاد کشمیر میں پلوامہ سے بڑی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے لیکن اگر اس نے ایسا کیا تو پاکستان بھرپور جواب دے گا جس کے لیے ہم تیار ہیں۔ نریندر مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر فورم پر کشمیر کی آواز اٹھائیں گے اور بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ مودی نے جو شاٹ کھیلا ہے اس کے بعد اب صرف آزادی کا راستہ رہ گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مودی کو دو طرفہ رابطوں اور عالمی معاہدوں کا کوئی خیال نہیں ہے۔ پاکستان اور کشمیر کی عوام اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر دنیا اور اقوام متحدہ کے لیے امتحان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بی جے پی کی اصل شکل پوری دنیا کے سامنے لے آیا ہے۔ ہمارے سامنے آر ایس ایس کا خوفناک نظریہ کھڑا ہے جو اس نے ہٹلر سے لیا۔ اس نظریہ کے پیچھے مسلمانوں کے خلاف نفرت ہے اور اسی نظریے نے مہاتما گاندھی کو قتل کیا۔

عمران خان نے کہا کہ قائد اعظم نے مسلمانوں کے خلاف نفرت کو بھانپ لیا تھا اور وہ جانتے تھے کہ کیا چالیں چلی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب دنیا کی نظر کشمیر اور پاکستان کی جانب ہیں لیکن ہندوستان نہیں جانتا اس معاملے میں سب سے زیادہ نقصان ہندوستان کا ہو گا۔ مسلمان کبھی جنگ میں پہل نہیں کرتا۔

وزیر اعظم کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سمیت دیگر وفاقی وزرا بھی موجود ہیں۔

وزیر اعظم کے خطاب سے قبل وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اگر آج کشمیر کا جھنڈا گر گیا تو پاکستان بھی محفوظ نہیں رہے گا۔

وزیرا عظم آزاد کشمیر اپنی تقریر کے دوران آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد آزادی میں کوئی فرق  نہیں آئے گا اور وہ اسی طرح جاری رہے گی۔ ہمیں اپنی حکمت عملی بھی تبدیل کرنی ہو گی۔ اب لائن آف کنٹرول ختم ،سیز فائر لائن ہے۔

اس سے قبل  اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے وزیر اعظم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج کشمیریوں کے لیے مشکل وقت ہے اور وزیر اعظم کا دیگر مہمانوں سمیت آنا ہمارے لیے حوصلے کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنا وکالت نامہ ریاست پاکستان کو دیا ہوا ہے اور ہمیں امید ہے ریاست پاکستان ہماری رہنمائی اور دنیا میں ہماری بہترین وکالت کرے گی۔

اس سے قبل وزیر اعظم کو مظفر آباد پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان جشن آزادی کشمیریوں کے ساتھ منانے کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے آزاد کشمیر پہنچے تھے۔

واضح رہے کہ آج جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر میں یوم آزادی کے علاوہ یوم یکجہتی کشمیر بھی منایا جا رہا ہے اور پاکستان کے ساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی لہرایا گیا ہے،

یہ بھی پڑھیں ‘جنگ مسلط کی گئی تو دنیا اس کے اثرات دیکھے گی’

مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ملک بھر میں ریلیاں بھی نکالی جا رہی ہیں جس میں کشمیر کا پرچم بھی موجود ہے۔


متعلقہ خبریں