شاہد خاقان عباسی کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈر منظور

وزیر اعظم عمران خان کو معیشت کی الف ب بھی نہیں آتی، شاہد خاقان

اسلام آباد: احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔

عدالت کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کی استدعا کی۔

شاہد خاقان عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ نیب افسر جتنا چاہتے ہیں اتنا ریمانڈ دے دیں، ویسے دوران تفتیش جو سوال پوچھا جاتا ہے اس کا  تو جواب دے دیتا ہوں مگر یہ تفتیش کے دوران مجھ سے متعلقہ دستاویز تک مانگ لیتے ہیں ۔

جج محمد بشیر نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا کہ 14 روز کا ریمانڈ دے رہا ہوں، کوشش کریں کہ تفتیش مکمل ہو جائے۔

عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو 29 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت سے روانگی کے وقت صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کوشش کر رہا ہوں نیب کو ایل این جی کیس سمجھا دوں مزید مہلت مل گئی ہے، ویسے یہ تعلیم بالغاں کا کورس ہے۔

سابق وزیراعظم کے جسمانی ریمانڈ میں دوسری مرتبہ توسیع کی گئی ہے۔ گرفتاری کے بعد ان کا 13 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا جس میں بعد میں 14 روز کی توسیع کردی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں