’مقبوضہ کشمیر کے ہر گھر کے باہر فوجی کھڑا ہے‘


اسلام آباد: چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں کرفیو اور لاک ڈاؤن سے شہریوں کو محصور کردیا گیا اور وہاں ہر گھر کے باہر ایک فوجی کھڑا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ہے اور لوگوں کو گھر سے نکلنے نہیں دیاجارہا۔

ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس بلانا پاکستان کےلیے سفارتی کامیابی ہے، بھارت چاہتا ہے خطے کے تمام معاملات وہ خود دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا قائداعظم کا دو قومی نظریہ سچ تھا، دنیا کہہ رہی ہےاس سے زیادہ قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہوسکتی۔

مزید پڑھیں: پاکستان بھر میں بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جارہا ہے

فخر امام کا کہنا تھا کہ کشمیر دنیا کا وہ خطہ ہے جہاں سب سے زیادہ فوجی تعینات ہیں، وہاں اس وقت نو لوگوں پر ایک فوجی تعینات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوج پلوامہ حملہ کے وقت سے زیادہ تیار ہے۔

کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ برطانوی نشریاتی ادارے کے رپورٹرز نے بتایا کہ مقبوضہ میں انہیں کئی جگہوں پر جانے نہیں دیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ آج پہلی دفعہ ایسا ہوا کہ پاکستان میں ہندستان کے یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے ساتھ منایا گیا، پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ کشمیر کا جھنڈا لہرایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کو پتھر کے دور میں پہنچا دیا گیا ہے، اکیلی بھارتی فوج نہیں بلکہ کئی ہندو پارٹیوں کے لوگ وہاں موجود ہیں، ہندستان کے حکومت پر دباؤ ڈالنا اس وقت کی ضرورت ہے۔

فخر امام نے مزید کہا کہ انڈیا نے کشمیر میں اپنا آخری تزویراتی کارڈ کھیلا ہے۔


متعلقہ خبریں