’کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کی خوشیاں ادھوری ہیں‘


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کی خوشیاں ادھوری ہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں آر ایس ایس کے غنڈوں کے علاوہ کسی کے لیے جگہ نہیں۔

’مودی نے خطے میں سپرمین بننے کا اظہار کیا‘

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مودی نے خطے میں ’سپرمین‘ بننے کا اظہار کیا ہے، کشمیر کو بالآخر پاکستان کے ساتھ ہی جڑنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلیے ریلیاں نکالی جارہی ہیں جبکہ ملک کے ہر شہر میں قوم بھارتی اقدامات کی مذمت کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ صرف قومی ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر منایا جارہا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ثابت کردیا کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کی خوشیاں ادھوری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سامراجی استحصالی نظام کےخلاف بناتھا اور قائداعظم اور ان کے رفقاء کی جدوجہد کے بدلے ملا تھا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اکھنڈ بھارت کا نعرہ لگانے والے آج افسردہ ہیں کیوں کہ بھارت میں آر ایس ایس کے غنڈوں کے علاوہ کسی کے لیے جگہ نہیں۔


متعلقہ خبریں