بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، تین پاکستانی فوجی شہید


راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین پاکستانی فوجیوں کو شہید کردیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک کردیے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لئے ایل او سی کی خلاف ورزیاں بڑھا دی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی سے متعدد بھارتی مورچے بھی تباہ ہوئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وقفے وقفے سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

شہداء میں نائیک تنویر، لانس نائیک تیمور اور سپاہی رمضان شامل ہیں۔ 37 سالہ نائیک تنویر کی 14 سال سروس تھی جبکہ وہ خانیوال کے رہنے والے تھے۔

شہید نائیک تنویر کا ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔

26 سالہ تیمور کی 8 سال سروس تھی اور وہ لاہور کے رہائشی تھے جن کی ایک بیٹی تھی۔

خانیوال کے رہائشی 20 سالہ سپاہی رمضان کی فوج میں تین سال کی سروس تھی اور وہ شادی شدہ تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔


متعلقہ خبریں