سینیٹ انتخابات، اسحاق ڈار اور حافظ عبدالکریم کےکاغذات نامزدگی درست قرار

lahore highcourt

لاہور: لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے ن لیگی امیدواروں اسحاق ڈار اور حافظ عبدالکریم کے سینیٹ کے لیے کاغذات نامزدگی کو درست قرار دے دیا ہے۔

اسحاق ڈار اور حافظ عبدالکریم اب سینٹ انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کے ایک رکنی ٹربیونل نے اپیل کی سماعت کی۔

اسحاق ڈار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسر نے کسی قانونی جواز کے بغیر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے ہیں۔

وکیل نے ٹربیونل کو آگاہ کیا کہ کاغذات نامزدگی میں تمام تفصیلات فراہم کی گئی ہیں اور اثاثے بھی ظاہر کئے گئے ہیں۔

انہوں نے ٹربیونل سے استدعا کی کہ ان کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

ن لیگی امیدوار حافظ عبدالکریم کے وکیل نے ٹربیونل کو بتایا کہ عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت کسی قانونی جواز کے بغیر ریٹرننگ افسر کو کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی ہے لہذا ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

ریٹرننگ افسر نے ٹربیونل میں دونوں امیدواروں کے ریکارڈ پیش کیے تھے۔

ٹربیونل نے دونوں امیدواروں کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں سینٹ انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔


متعلقہ خبریں