پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کیلئے اعلیٰ صدارتی ایوارڈ کا اعلان


اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے پی ایس ایل  کی سب سے مقبول فرنچائز پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ صدارتی ایوارڈ ہلال امتیاز دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

صدر پاکستان عارف علوی نے یوم پاکستان 14 اگست کے موقع پرجاوید خان آفریدی کو صدارتی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس سلسلے میں جاوید آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اگرچہ میں نے ملکی خدمت اور نوجوانوں کی پر جوش مگر بردبار رہنمائی کا بیڑہ اُٹھاتے وقت یہ عہد کیا تھا کہ کسی اعزاز، عہدے اور معاوضے سے بالا تر ہو کر قوم و ملک کی خدمت کروں گا‘‘

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اس اعزاز کا اہل سمجھ کر دراصل مجھے نہیں بلکہ میری فکر اور حوصلے کو داد دی ہے اور میں چاہوں گا کہ محبتوں، کامیابیوں اور ملکی نوجوانوں کی رہنمائی کا یہ قافلہ یو ں ہی رواں دواں رہے ‘‘۔

یاد رہے کہ پشاور زلمی نے  کھلیوں کے میدان میں نوجوانوں کی رہنمائی اور صحت مند قومی رویوں کو پروان چڑھانے میں کردار ادا کیا ہے۔

جاوید آفریدی نے پشاور زلمی سے منسلک ہر ممبر اور ہر کارکن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پشاور زلمی گزشتہ سے بڑھ کر ملکی خدمت اور عوام کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کی بہترین رہنمائی میں قومی ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ جاوید آفریدی پاکستان میں نوجوانوں کے رول ماڈل کے طور پر ابھرے ہیں اور پشاور زلمی اور زلمی فاونڈیشن کھیلوں کے فروغ کے لیے بہترین کام کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں