زینب قتل کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا


لاہور: انسداد دہشت گردی (اے ٹی سی) کی خصوصی عدالت زینب قتل کیس کا فیصلہ آج سنائے گی۔ جج سجاد احمد کیس کا فیصلہ سنائیں گے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر 15 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی گئی تھی۔

عدالت نے روزانہ نو گھنٹے کیس کی سماعت کی اور پانچ روز کی  مسلسل سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔

زینب قتل کیس پاکستان کی عدالتی تاریخ کا تیز ترین ٹرائل ہے۔

قصور کی رہائشی زینب امین کے قاتل ملزم عمران کو 22 جنوری کو پاکپتن سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم کو انسداد دہشت گردی عدالت نے 23 جنوری کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے  کیا تھا۔

عدالت نے ملزم کوسات فروری کو دوبارہ دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ نو فروری کو پولیس کی  جانب سے ملزم کا مکمل چالان عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

ملزم عمران کے خلاف 36 افراد کی شہادتیں، ڈی این اے ٹیسٹ، پولی گرافک ٹیسٹ اور چار ویڈیوز ثبوت کے طور پر  شامل کی گئیں۔


متعلقہ خبریں