آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان


اسلام آباد: ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز ہزارہ، مردان، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر  بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ مالاکنڈ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن  گلگت بلتستان، قلات، میر پور خاص، کراچی ڈویژن میں چند مقامات پر  تیزہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا  امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ جمعہ سے ہفتہ کے دوران ہزارہ، مالاکنڈ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویژن اسلام آباد اور کشمیر  میں موسلادھار بارش کے باعث دریاوٰں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اس دوران پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے۔ تیز بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن،گلگلت بلتستان اور کشمیر کے  پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے جمعرات سے ہفتہ کے دوران ملک میں تیزہواوٗں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ مون سون بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

گزشتہ روز مالاکنڈ، ہزارہ ، راولپنڈی، ٹھٹھہ ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان  اور کشمیر میں چند مقامات  پر  تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔

سب سے زیادہ بارش منگلہ 17، اسلام آباد( گولڑہ 04،بوکرہ 02، سید پور01،  )، راولپنڈی (شمس آباد 01)،لاہور، چکوال01، کاکول 04، مالام جبہ 02، کالام01، کوٹلی 23،گڑھی دوپٹہ 02، مظفر آباد(ائیر پورٹ 01)، اسکردو 02،استور 01، بدین میں 02 ملی میٹر بار ش ریکارڈ کی گئی ۔

کل ریکارڈ کیےگئےگرم ترین مقامات کےدرجہ حرارت میں سبی  43اور تربت میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں