کوئٹہ میں دھماکہ، چار افراد شہید


بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں امام مسجد سمیت چار افراد شہید ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ جمعے کی نماز کے دوران کچلاک کلی قاسم کے مدرسے میں ہوا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ شہادتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔

دھماکے کے وقت مسجد میں نماز جمعہ ادا کی جارہی تھی اور 200 کے قریب نمازی موجود تھے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق دھماکہ نصب شدہ ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جسے امام کے منبر کے نیچے چھپایا گیا تھا۔

پنجاب میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

کوئٹہ میں دھماکے کے بعد پنجاب بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

وائر لیس پیغام میں تمام ڈی پی اوز کو اپنے اپنے اضلاع میں حساس اور اہم مقامات کی سیکیورٹی کو بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ تمام ڈی پی اوز خود نکلیں اور حساس مقامات کی سکیورٹی ڈیوٹیز کو چیک کریں۔

انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ تمام اضلاع میں حساس مقامات اور دینی عبادت گاہوں کے گردو نواح میں سرچ، سوئپ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔


متعلقہ خبریں