مہوش حیات کی پریانکا چوپڑا پر تنقید اور نصیحتیں


پاکستانی نژاد امریکی لڑکی کے سوال کا جواب طنزیہ انداز میں دینے پر بھارتی اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خیر سگالی کی سفیر پریانکا چوپڑا آج کل شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

سوشل میڈیا پر لوگ مطالبہ کر رہے ہیں کہ جارحانہ سوچ اور بھارت کو پاکستان کے خلاف جنگ پر اکسانے والے ٹویٹ کرنے پر انہیں اقوام متحدہ کی خیر سگالی کی سفیر کے عہدے سے ہٹایا جائے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ میں لکھے ہوئے اپنے ایک مضمون میں پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے پریانکا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی بھارتی سوچ سے باہر نکلیں اور سنگین نوعیت کے سیاسی مسائل بشمول کشمیر پر بھارت کی زبان بولنے سے گریز کریں۔

مہوش حیات کا کہنا ہے کہ اب جبکہ پریانکا چوپڑا امریکی شہری اور اقوام متحدہ کی خیر سگالی کی سفیر بن چکی ہیں، وہ سنگین قسم کے سیاسی معاملات میں دخل اندازی کے بجائے انسانوں کے درمیان محبت اور بھائی چارہ کو فروغ دینے والے معاملات پر گفتگو کریں۔

فلم چھلاوا سے شہرت پانے والی پاکستانی اداکارہ کا کہنا تھا کہ کشمیر کی حالیہ صورت حال کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور بھارت مظلوم کشمیریوں پر ہر طرح کے مظالم ڈھائے جا رہا ہے جو کہ جنگی جرائم کے مترادف ہے۔

انہوں نے اپنی تحریر میں لکھا کہ وہ مشہور شخصیات کی سرگرمیوں سے بخوبی واقف ہیں لیکن خیرسگالی کے ترجمانوں کو ہمیشہ انسانیت پسندی اور اچھے اقدار کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہیئے، پریانکا چوپڑا کی سوچ بالی ووڈ میں بننے والی فلموں کی عکاس ہے جہاں پر زیادہ تر فلمیں پاکستان کے خلاف نفرت اور اسلاموفوبیا پر بنتی ہیں۔

پاکستانی اداکارہ کا کہنا ہے کہ ہالی ووڈ کے برعکس بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتی فلمی صنعت بالی ووڈ کو اسلحہ سے لیس کیا ہوا ہے، ان  کے نغمے اور نعرے عوام کو نفرت کا درس دیتے ہیں اور مسلمانوں کو محض گائے کھانے پر ماردیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی خیرسگالی کی سفیر کے طور پر پریانکا اپنی بھارت نواز اندھی حب الوطنی سے باہر آ جائیں اور سیاسی معاملات پر طبع آزمائی سے باز رہیں۔ مہوش حیات نے کہا کہ خیراتی کاموں کے لیے کام کرنے والی پریانکا چوپڑا لوگوں کو آپس میں ملانے، نہ کہ تقسیم کرنے کی بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تبھی ممکن ہے جب مشہور شخصیات سستی شہرت والی بیان بازی سے اجتناب کر کے عالمگیر انسانی اقدار کو فروغ دینے والے کاموں پر توجہ دیں۔

مہوش حیات نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال کا نوٹس لینا جاہیے تاکہ دو جوہری طاقتوں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ سے اجتناب کیا جا سکے۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارتی قابص فوج نہتے کشمیری شہریوں پر پیلٹ گنز استعمال کر رہی ہے جس سے ہزاروں شہری اندھے ہو چکے ہیں، بھارت کشمیر میں مسلسل جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں