چیف جسٹس کا جناح اسپتال کا دورہ، انتظامات کاجائزہ لیا

کراچی:  جناح اسپتال میں ہیٹ اسٹروک وارڈ  قائم

فوٹو: فائل


کراچی:چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ہفتے کو اچانک جناح اسپتال کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔  

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی عدم فراہمی اور ابتر صورتحال پر از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران جناح اسپتال کی ڈائریکٹر سیمی جمالی کی شکایات پر چیف جسٹس نے جناح اسپتال کا فوری دورہ کیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جناح اسپتال کی حالت دیگر سرکاری اسپتالوں سے بہت بہتر ہے۔

چیف جسٹس نے اسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور علاج معالجے کی سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔

چیف جسٹس نے سیکریٹری ویلفیئرکو ہدایت دی کہ اسپتال میں ضرورت مند مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے سیمی جمالی سے استفسار کیا کہ اسپتال کے حوالے سے اتنی بری رپورٹس کیوں ہیں؟

سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ جناح اسپتال کا معاملہ 18 ویں ترمیم کے بعد سے عدالت میں زیرالتوا رہا ہے۔ ہم نے اسپتال کی وفاق سے صوبے کو منتقلی چیلنج کررکھی ہے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ معاملہ زیرِسماعت ہونے کے باعث کوئی نئی بھرتیاں نہیں ہورہیں جب کہ دوسری جانب اسپتال کے بیشترڈاکٹرز ریٹائر ہوچکے ہیں اور کچھ کا انتقال بھی ہوچکا ہے۔

سیمی جمالی نے بتایا کہ جناح اسپتال میں پروفیسرز کی تعداد بھی انتہائی کم ہے۔ 28 میں سے صرف چار پروفیسرز ہیں جب کہ اسٹاف کی بھی شدید کمی ہے۔

چیف جسٹس نے اسپتال کی فائل فوری طور پر طلب کرتے ہوئے سیمی جمالی سے استفسار کیا کہ اسپتال عدالت سے کتنے منٹ کی مسافت پر ہے ؟

سیمی جمالی نے نے چیف جسٹس کو آگاہ کیا کہ اسپتال 20 منٹ کی مسافت پر ہے۔ جس پر چیف جسٹس فوری طور پر جناح اسپتال کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اسپتالوں کی ابترصورتحال پر صوبائی سیکرٹری صحت فضل اللہ پیچوہو سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں کی جو رپورٹس آرہی ہیں وہ بہتر نہیں ہیں۔ سنا ہے سارا بجٹ آپ نے رکھا ہے یہ بتائیں کہ سرکاری اسپتالوں کی حالت کب بہتر ہوگی؟

فضل اللہ پیچوہو نے جواب دیا کہ ٹائم لائن دے دی ہے بہتری آئے گی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا سرکاری اسپتالوں کو فنڈ مل رہا ہے ؟

سیکرٹری صحت نے جواب دیا جی اسپتالوں کو فنڈز فراہم کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں