دریائے راوی کو بچانے کا منصوبہ فائلوں کی نذر،تحریک التوا


لاہور: دریائے راوی کو آلودگی سے بچانے کے منصوبے پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروا دی گئی۔

تحریک التوا مسلم لیگ ق کی بسمہ چوہدری کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

رکن اسمبلی نے موقف اختیار کیا کہ دریائے راوی کی خوبصورتی اور اسے آلودہ ہونے سے بچانے کا منصوبہ کاغذوں میں دفن ہو کر رہ گیا ہے۔

تحریک کے متن میں کہا گیا ہے کہ لاہور کی تاریخ کے مہنگے ترین منصوبے کی رپورٹس ابھی تک فائلوں میں موجود ہیں۔

بسمہ چوہدری نے موقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے نوٹس لینے پر اداروں نے دوبارہ کاغذی کارروائی شروع کر دی ہے۔ عدالت عظمی نے وزیر اعلی پنجاب سے بھی وجوہات معلوم کیں، جس پر اب حکومتی ادارے رپورٹ تیار کر رہے ہیں۔

تحریک التوا میں موقف اختیار کیا گیا کہ تین سال قبل “ریور راوی زون فرنٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ” کی فزیبیلٹی رپورٹ فائلوں میں دفن کر دی گئی تھی۔

درخواست میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ منصوبہ ایل ڈی اے نے بنایا تھا جس کی فزیبیلٹی رپورٹ  آسٹریلین کمپنی نے بنائی تھی۔

700 ارب روپے کی لاگت سے بنائے گئے منصوبے کا مقصد راوی کنارے انڈسٹریل اسٹیٹ ہاؤسنگ اسکیم اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانا تھا۔

تحریک التوا کے متن میں کہا گیا ہے کہ تین سال گزرنے کے بعد بھی منصوبے ہر عملدرآمد نہیں کیا جا سکا۔ جس سے دریائے راوی کا پانی مزید گندا ہو رہا ہے۔


متعلقہ خبریں