کنٹرول لائن پر شہید ہونے والے جوانوں کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

شہید لانس نائیک کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین، دو کی صبح ہوگی

لاہور/ میاں چنوں/ خانیوال: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے باعث شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان محمد رمضان  کی نماز جنازہ گاؤں 67 پندرہ ایل کے اسکول کے گراونڈ میں ادا کر دی گئی ہے۔

شہید جوان کی نماز جنازہ  میں پاک فوج، پنجاب پولیس سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے دوران ہزاروں افراد نے پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ آباد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پنجاب پولیس کے دستے نے شہید محمد رمضان کو سلامی پیش کی اور جسد خاکی  تدفین کے لیے قبرستان روانہ کر دیا گیا۔

شہید نائیک تنویر احمد کی نمازجنازہ ان کے آبائی گاؤں 138 دس آر میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازجنازہ میں فوجی افسران و سول سوسائٹی، سیاسی سماجی شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شہید کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، قوم کے ان بیٹوں کا خون ہی کشمیر کی آزادی کا سبب بنے گا۔

پاک فوج کے شہید لانس نائیک تیمور اسلم کی نماز جنازہ آبائی علاقے والٹن میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ صوبائی وزیر اوقاف پیر سعید شاہ نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، سول حکام، شہید کے عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہید لانس نائیک تیمور اسلم کی جسد خاکی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اللہ اکبر، پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی فضا میں وقفے وقفے سے گونجتے رہے۔

بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، تین پاکستانی فوجی شہید

پاک فوج کے شہید لانس نائیک کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سپاہی محمد رمضان کا جسد خاکی جب ان کے آبائی گاؤں 67 پندرہ ایل پہنچا تو اہل علاقہ کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

اس موقع پر میاں چنوں میں اہل علاقہ کی جانب سے پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگائے گئے۔

میاں چنوں میں شہید محمد رمضان کی نماز جنازہ صبح آٹھ بجے گاؤں کے گورنمنٹ اسکول کے گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی جس کے بعد تدفین پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ہوگی۔ شہید کو گاؤں کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

پاک فوج کے لائن آف کنٹرول پر جام شہادت نوش کرنے والے شہید نائیک تنویر احمد کی نماز جنازہ بھی صبح ساڑھے آٹھ بجے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول چک نمبر 138 دس آر قدیم میں ادا کی جائے گی جس کے بعد پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین ہوگی۔

’ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں کا موثر جواب دیا جائے گا‘

بھارتی فوج نے گزشتہ روز حسب روایت ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین پاکستانی فوجیوں کو شہید کردیا تھا۔ شہدا میں نائیک تنویر، لانس نائیک تیمور اور سپاہی رمضان شامل تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اس ضمن میں جاری کردہ اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا تھا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

ہم نیوز نے ڈی سی پونچھ کے حوالے سے بتایا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈی سی پونچھ کے مطابق راولا کوٹ میں بھارتی فوج درہ شیر خان پر گولہ باری کررہی ہے اور شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع ڈپٹی کمشنر کے دفتر کو نہیں ملی ہے۔


متعلقہ خبریں