بھارتی وزیردفاع سٹھیا گئے ہیں، شاہ محمود قریشی

بھارت سے پرانا قبضہ چھڑانے کا وقت آ گیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیردفاع سٹھیا گئے ہیں اس لیے انہوں نے جوہری ہتھیاروں کی بات کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی تشکیل کردہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ میں کشمیر سیل بنانے اور بین الاقوامی سطح پر لابنگ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ  مسئلہ کشمیر پر قومی اتفاق رائے موجود ہے، وزیراعظم کی بنائی گئی کشمیر کمیٹی کے پہلے اجلاس میں حزب اختلاف کے نمائندے بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی مخالفت کے باوجود سلامتی کونسل کا اجلاس پاکستان کے لیے بڑی کامیابی ہے تاہم یہ ایک لمبی لڑائی ہے جو ہر محاذ پر لڑنا ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مودی سرکار نے نہرو کے بھارت کو دفن کردیا ہے، پاکستان کے لیے آرٹیکل 370 کی اہمیت نہیں تھی، یہ تو بھارت کے لیے اہم تھا۔

انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ عالمی توجہ ہٹانے کے لیے بھارت لائن آف کنٹرول میں کوئی مہم جوئی کر سکتا ہے، کمیٹی میں بھارتی نیت کے بارے میں دنیا کو بتانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستانی افواج سرحدوں پر تیار ہیں، اگر بھارت نے لائن آف کنٹرول پر کوئی شرارت کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیردفاع نے جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر بات کی ہے جو ایک غیرذمہ دارانہ حرکت ہے، دنیا نے 27 فروری کو پاک فوج کی قابلیت دیکھ لی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت آزاد کشمیر کی طرف پیش قدمی بھول جائے، اس سے اب پچھلا قبضہ چھڑانے کا وقت آ گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایل او سی پر دراندازی کے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہیں، پاکستانی عوام نے سوشل میڈیا پر بھارتی پروپیگنڈا کا موثر جواب دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے آرٹیکل 370 ختم کر کے اچھی حرکت کی ہے کیونکہ اس کے باعث مسئلہ کشمیر پوری دنیا کے لیے فلیش پوائنٹ بن گیا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین روز کے دوران ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا ہے، دو روز قبل بھارت کے پانچ فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں