کوئٹہ بم دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا


کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک کی کلی قاسم مسجد میں گذشتہ روز نماز جمعہ کے وقت ہونے والے دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے دھماکہ میں شہید ہونے والے ایک شخص کے ورثاء کی مدعیت میں کچلاک تھانہ میں مقدمہ درج کر کے باقاعدہ طور پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق  باقاعدہ تحقیقات کے پہلے مرحلے میں جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کیے جائیں گے۔

گذشتہ روز کچلاک کی کلی قاسم مسجد میں ہونے والے دھماکے میں امام مسجد حافظ احمد اللہ سمیت چار افراد شہید جبکہ 23 زخمی ہوۓ تھے۔

دھماکہ میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا تھا جہاں زیادہ تر زخمیوں کا علاج معالجہ جاری ہے۔

دھماکے کے وقت مسجد میں 200 کے قریب نمازی موجود تھے۔

ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق دھماکہ نصب شدہ ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جسے امام کے منبر کے نیچے چھپایا گیا تھا۔

کوئٹہ میں دھماکے کے بعد پنجاب بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

وائر لیس پیغام میں تمام ڈی پی اوز کو اپنے اپنے اضلاع میں حساس اور اہم مقامات کی سیکیورٹی کو بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ تمام ڈی پی اوز خود نکلیں اور حساس مقامات کی سکیورٹی ڈیوٹیز کو چیک کریں۔

انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ تمام اضلاع میں حساس مقامات اور دینی عبادت گاہوں کے گردو نواح میں سرچ، سوئپ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔


متعلقہ خبریں