ہواوے کا نیا 5 جی اسمارٹ فون مِنٹوں میں فروخت


بیجینگ: چین کی اسمارٹ فونز بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ہواوے نے 5 جی اسمارٹ فون موبائل میٹ 20 ایکس لانچ کرنے کے چند منٹوں بعد ہی فروخت ہو گیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق ہواوئے نے اگست کے مہینے میں وعدے کے مطابق پہلا فائیو جی موبائل لانچ کیا جس کے تمام یونٹس بہت ہی قلیل وقت کے اندر بک گئے۔

اس وقت ہواوئے میٹ ایکس دنیا کا واحد اسمارٹ فون موبائل ہے جو فائیو جی کے ساتھ ساتھ ایس اے اور این ایس اے کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

ہواوئے کے اس جدید موبائل کی  قیمت چھ ہزار ایک سو ننانوے یوان یعنی کے 880 امریکی ڈالر ہے جو پاکستانی ایک لاکھ  چالیس ہزار روپے بنتی ہے۔

اس سے قبل ہواوئے کا میٹ 20 ایکس موبائل لانچ کیا جا چکا ہے مگر نئے ورژن میں فائیو جی کی سہولت بھی موجود ہے۔

یاد رہے گزشتہ ہفتے ہی اینڈرائیڈ کے حقوق کھونے کے ڈر سے ہواوے نے اپنا آپریٹنگ سسٹم مارکیٹ میں پیش کیا تھا۔

اس حوالے سے  ہواوئے کمپنی کے ایک عہدے دار ریچرڈ یو نے پریس کانفرنس میں ہارمنی آپریٹنگ سسٹم جسے چینی زبان میں ہونگ مینگ کا کہا جاتا ہے، کا افتتاح کرتے ہوئے بتایا کہ ہارمنی دنیا بھر میں صارفین کے لئے نت نئی سہولیات لائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ جدید آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ سے بالکل مختلف ہے، یہ بہت زیادہ محفوظ اور کارکردگی میں بہترین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس آپریٹنگ سسٹم کو رواں سال میں کسی بھی وقت اپنی اسمارٹ فون ڈیوائسز میں لانچ کر دیں گے۔

یو کا بتانا تھا کہ اگر اینڈروئڈ کے استعمال میں مکمل پابندی عائد کر دی جاتی ہے تو ہم اپنی ڈیوائسز کو مکمل طور پر اپنے آپریٹنگ سسٹم میں منتقل کر دیں گے۔

واضح رہے گزشتہ ماہ ہواوے نے امریکی پابندیاں نرم ہونے کے باوجود دنیا کے مقبول ترین موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈروئڈ پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ہواوے کے بانی رین زین فائی کےمطابق کمپنی کا اپنا ہونگ مینگ آپریٹنگ سسٹم اینڈروئڈ سے زیادہ تیز اور بہتر ہے اور ہم بتدریج پرانہ سسٹم چھوڑ دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہونگ مینگ آپریٹنگ سسٹم اینڈروئڈ کے مقابلے 60 فیصد تیز ہے اور صرف موبائل فونز کے لیے مخصوص نہیں۔

ہواوے کمپنی کا تیار کردہ  آپریٹنگ سسٹم انٹرنیٹ راﺅٹرز، معلومات محفوظ کرنے والے مراکز، پرنٹڈ سرکٹ بورڈ اور خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی گاڑیوں میں بھی استعمال ہو سکے گا۔


متعلقہ خبریں