نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ جاری

 نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ جاری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ملک میں فرقہ وارنہ دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق شہر قائد کراچی میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی جبکہ امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔

دوسری جانب رپورٹ میں پنجاب میں امن و امان میں بہتری لیکن انتہاپسندی میں اضافہ کے رجحان کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت  71 تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے جبک چار کو نگرانی کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ساڑھے تیس ہزار مدارس میں سے 21 ہزار9 سو کی رجسٹریشن کرلی گئی ہے، سندھ کی 80 فیصد کے پی کے 75 ، بلوچستان کے 60 اور فاٹا کے 85 فیصد مدارس رجسٹرڈ کر لئے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں نو کروڑ 81 لاکھ غیر قانونی سمز بلاک کر دی گئیں ہیں جبکہ اے پی ایس واقعہ کے بعد 486 افراد کو سزائیں بھی دی گئی ہیں جن میں سے 56 دہشت گردوں کو پھانسی کی سزا دی گئی ہے۔

اس دوران دہشت گردوں کے خلاف 2 لاکھ 49 ہزار 909 آپریشنز کئے گیے ہیں جن میں 3 ہزار8 سو افراد گرفتار جبکہ 2 ہزار 268 مارے گئے۔

سیکیورٹی اداروں نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک میں نفرت پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی  ہے اور اس میں ملوث ساڑھے تین ہزار افراد کو بھی گرفتارکیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 34 ہزار سے زائد گرفتاریاں ہوئیں۔سوشل میڈیا پر سولہ سو لنکس بلاک اور ساڑھے چودہ ہزار شکایات بھیجی گئیں۔

رواں سال کراچی میں دہشت گردی کے 55 واقعات ہوئے جن میں 290 ٹارگٹ کلنگز ہوئیں اور اغوا کے 503 کیسزرجسٹرڈ ہوئے ۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں دو ہزار فراریوں نے سرینڈر کیا۔


متعلقہ خبریں