پی پی این آر او نہیں امتیازی سلوک کا خاتمہ چاہتی ہے، اعتزاز احسن

اعتزاز احسن

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے دعویٰ کیا ہے کہ پی پی پی نے کبھی این آر او نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی پی پی این آر او نہیں مانگ رہی ہے، وہ صرف اپنے ساتھ اپنائے جانے والے امتیازی سلوک کا خاتمہ چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتیازی سلوک کسی کے بھی ساتھ ہو، میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔

ہم نیوز کے مطابق وہ پریس کلب کے باہر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر رہنماؤں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اعتزاز احسن کا حکومت کو اہم مشورہ

ممتاز قانون دان اور سینئر سیاستدان بیرسٹر اعتزاز احسن نے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی رات کو جیل منتقلی کے حوالے سے کہا کہ ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رات گئے اسپتال سے فریال تالپور کو حراست میں لینے کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فریال تالپور ہم سب کی بہن ہیں اور ان کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اس کے خلاف ہم سب یہاں جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئی این آر او یا رعایت نہیں مانگ رہے ہیں، صرف وہ حقوق مانگ رہے ہیں جو قانون کے مطابق ہر ملزم کا حق ہیں۔

پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے رکن رہ چکنے والے سینئر سیاستدان بیرسٹر اعتزاز احسن نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راتوں رات فریال تالپور کو لے جانے کی کیا ضرورت تھی؟ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا کوئی دباؤ ڈالنا مقصود تھا؟ تا کہ پی پی رحم کی اپیل کرے اور حکومت کہے کہ یہ این آر او مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم صرف انصاف مانگ رہے ہیں جو حکومت نے نہیں ججز نے کرنا ہے۔ سابق چیف جسٹس آف پاکستان کے دور میں چلنے والی وکلا تحریک کے مزکزی کردار بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ عدالتیں اکثر نواز شریف اور شہباز شریف کو استشنیٰ دے دیتی ہیں۔

ن لیگ کے قریب آنے سے پیپلزپارٹی کو نقصان ہو گا، اعتزاز احسن

ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی کے ساتھ بالخصوص امتیازی سلوک کیا جاتا ہے کیونکہ یہ عوامی جماعت ہے اور نڈر جیالوں والی جماعت ہے۔

بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ ہمارا ایک کارکن دوسری جماعت کے دس کارکنوں کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے جیالے اگر بپھر گئے تو پھر دنیا کی کوئی طاقت جیالوں کو روک نہیں سکتی ہے تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ پی پی پی کو پنجاب میں بالخصوص منظم ہونے کی ضرورت ہے۔

پنجاب کی سیاست میں گزشتہ کئی دہائیوں سے مرکزی کردار ادا کرنے والے بیرسٹر اعتزاز احسن نے اس ضمن میں کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو پنجاب میں دوبارہ منظم کرنے کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو کا ایک دورہ ہوگا جس میں وہ جیالوں کے ساتھ شہر شہر اور قریہ قریہ پھریں گے تو پارٹی پنجاب میں منظم ہو جائے گی۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پی پی پی اپنی بہنوں سے بھی زیادہ پختہ انداز میں کشمیری بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی سوچ ہی ان بہنوں کی طرف جاتی ہے جو سری نگر میں قید ہیں اور جہاں کر فیو کی وجہ سے بچے بھوکے سو رہے ہیں۔

نواز خاندان این آر او کرچکا ہے، اعتزاز احسن

پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ ہمارے دلوں کی دھڑکنیں اس وقت سری نگر میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح پی پی پی آج بھی اپنے لیڈر کے ساتھ کشمیریوں کے ہمراہ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دیرینہ اور قابل اعتماد دوست چین کا شکریہ کہ اس نے سیکیورٹی کونسل میں کشمیر پر ہمارا ساتھ دیا۔

موجودہ حکومت اور اس کے اقدامات پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے پی پی پی کے رہنما نے کہا کہ اس وقت کشمیر کے لے سب کو اکھٹا ہونے کی ضرورت تھی لیکن اپنائے جانے والے امتیازی سلوک کے باعث قوم تقسیم ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم امن و ترقی اور انصاف کے خواہش مند ہیں، چاہتے ہیں کہ امتیازی سلوک بند کیا جائے اور ہمارے قائدین کے ساتھ روا رکھا جانے والا ناروا سلوک کا خاتمہ کیا جائے۔


متعلقہ خبریں