’حکومتی معاشی ٹیم سے بہتری کی توقع نہیں‘

’حکومتی معاشی ٹیم سے بہتری کی توقع نہیں‘

اسلام آباد: ماہر معاشیات ڈاکٹر اشفاق حسن نے کہا ہے کہ جہاز سے اتار کر باہر کے لوگوں کو اہم عہدوں پر بیٹھا دیا گیا ہے، انہیں ملکی اقتصادیات کا علم نہیں ہے اور ان سے بہتری کی توقع بھی نہیں کی جا سکتی۔

پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کی خراب کارکردگی کے حوالے سے ہم نیوز کے ڈیجیٹل شعبے کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ اسٹاک مارکیٹ واقعات اور معلومات سے جڑی ہوتی ہے، کوئی بھی واقعہ یا خبر اسے اوپر نیچے کر دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اگر اچھی خبریں گردش کریں گی اور سیاسی استحکام ہو گا تو اسٹاک مارکیٹ بھی مثبت رہے گی۔

ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے کہا کہ چونکہ اسٹیٹ بنک نے شرح سود 13.25 فیصد کر دیا ہے اور ایسا تاثر موجود ہے کہ اس میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے، اس وجہ سے بھی لوگ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے سے کترا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے بعد سے ملکی معاشی حالات مزید خراب ہوئے ہیں، اسی طرح پاک بھارت کشیدگی بھی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کی ایک وجہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی سے عام آدمی کے زندگی پر کوئی اثر مرتب نہیں ہوتا۔

چین امریکہ تجارتی تنازعہ پر ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ سے دنیا میں ایک مرتبہ پھر 2008 اور 2010 جیسی کساد بازاری پھیلنے کا خدشہ ہے،  دونوں عالمی طاقتوں کی تجارتی جنگ کا اثر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس پر پڑے گا۔


متعلقہ خبریں