قاتل مودی نے کاغذ کے ٹکڑے سے کشمیر پر حملہ کیا، کامل علی آغا

قاتل مودی نے کاغذ کے ٹکڑے سے کشمیر پر آخری حملہ کیا، کامل علی آغا

گوجرانوالہ:  پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما سینیٹرکامل علی آغا نے کہا ہے کہ بھارت پہ اس وقت گجرات کے مسلمانوں کا قاتل نریندر مودی برسر اقتدار ہے اور اس نے کاغذ کے ایک ٹکڑے سے کشمیر پر آخری حملہ کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قابض بھارت نے ایک لاکھ دس ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا اور لاکھوں کو زخمی کیا۔

ہٹلر اور نازی کے پیروکار مودی اور آر ایس ایس

بھارتی حکومت کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں و نوجوانوں کی پیلٹ گنز کے ذریعے بینائی چھینی گئی لیکن دنیا کو ’سب اچھا ہے‘ دکھانے کے لیے مظلوموں کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

پی ایم ایل (ق) کے مرکزی رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ باصلاحیت قیادت کی وجہ سے 50 سال بعد سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر دوبارہ زندہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ فرانس نے سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کو ویٹو نہیں کیا حالانکہ بھارت فرانسیسی اسلحے کا بڑا خریدار ہے۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں سینیٹر کامل علی آغا نے پاکستانی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اور دس عارضی اراکین میں سے کسی ایک نے بھی پاکستانی مؤقف کی مخالفت نہیں کی۔

’کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا گلا گھونٹنے کی کوششیں ناکام ہوں گی‘

وزیراعظم عمران خان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر انہوں نے دو ٹوک مؤقف اپنائے رکھا اور عالمی سطح پر دو ٹوک مؤقف کا بڑا گہرا اور دور رس اثر ہوتا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے دعویٰ کیا کہ کشمیر کی آزادی اب قریب ترین پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی تکمیل اس دن ہو گی جب کشمیر آزاد اور آباد ہو گا۔

انہوں نے باور کرایا کہ جب کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں شہید ہونے والوں کی تدفین کی جاتی ہے تو انہیں پاکستان کے قومی جھنڈے میں لپیٹ کر سپرد خاک کیا جاتا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کشمیریوں کی پاکستان سے محبت و الفت اور یگانگت کا اس سے بڑا اور کیا ثبوت ہو سکتا ہے؟


متعلقہ خبریں