ہوشیار: درآمدی سامان کی دستاویزات تیار رکھیں، جانچ پڑتال ہوگی

FBR

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور کسٹمز کی مشترکہ خصوصی ٹیمیں شہروں میں قائم اہم تجارتی مراکز پہ موجود درآمدی سامان سے متعلق دستاویزات کی  جانچ پڑتال کریں گی۔ دستاویزات کی جانچ پڑتال کا آغاز یکم ستمبر سے ہو گا۔

ہم نیوز نے ایف بی آر حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ کسٹمز ایکٹ کے تحت دکاندار حضرات سے درآمدی کاغذات طلب کیے جا سکتے ہیں۔

سیلز ٹیکس کی وصولی، ایف بی آر نے عوام سے مدد مانگ لی

یہ فیصلہ اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے اور درآمدی اشیا کی دستاویزات کی تصدیق کے لیے کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ یکم ستمبر 2019 سے ایف بی آر کی خصوصی ٹیمیں تمام بڑے شہروں کے اہم تجارتی مراکز کا دورہ کریں گی اوردرآمدی دستاویزات کی جانچ پڑتال کریں گی۔

چیئرمین ایف بی آر کے مطابق کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت ایف بی آر کو قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ دکانداروں کی جانب سے صارفین کو فروخت کی جانے والی درآمدی اشیا کی تصدیق کے لیے فروخت کنندہ سے درآمدی دستاویزات طلب کر سکتا ہے۔

ایف بی آر کو بیرون ملک 7 سے 8 ارب ڈالر کا سراغ مل چکا ہے،اسد عمر

ہم نیوز کے مطابق اس ضمن میں چیئرمین کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر دکاندار طلب کیے جانے پر درآمدی دستاویزات فراہم نہ کرسکے تو اسے مہلت دی جائے گی کہ وہ مقررہ مدت میں دستاویزات فراہم کردے۔

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ تاجروں کو اگر خصوصی ٹیموں کے حوالے سے کوئی شکایت ہو تو وہ فوری طور پر ایف بی آر کی ہیلپ لائن پہ درج کراسکتے ہیں اور یا ای میل کرسکتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ایف بی آر کی ہیلپ لائن کا نمبر 772-772-111 ہے جب کہ ای میل ایڈریس Helpline@fbr.gov.pk ہے۔


متعلقہ خبریں