بنوں: تاجروں نے انسداد پولیو مہم کو اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا


خبیر پختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں تاجروں نے انسداد پولیو مہم کو اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا، سیلزٹیکس کے نفاذ کے خاتمے کے مطالبے پر عملدرآمد تک انسداد پولیو مہم کا بائیکاٹ کردیا۔ 

وزیراطلاعات خیبرپختون خوا حکومت شوکت یوسفزئی  نے کہا ہے کہ  حکومت کی رٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائے جائے گی۔

ضلع بنوں کی تاجر برادری نے اپنے مفاد کی خاطر پولیو مہم کے خلاف بیان دے کر بچوں کی زندگیاں داؤ پر لگا دیں۔ بنوں ڈویژن میں رواں ماہ پولیو کے چار کیسز سامنے آئے ہیں۔

ایک سال میں یہ تعداد تیس تک جاپہنچی ہے لیکن تاجر برادری معاملے کی سنگینی سے چشم پوشی کرتے ہوئے بچوں کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔

انسداد پولیو پروگرام کےلیے فوکل پرسن بابر بن عطا نےہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تاجروں کے اعلان پر افسوس کا اظہار کیا۔خیبرپختون خوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ افغانستان، نائجیریا اور پاکستان ہی واحد تین ممالک ہیں جہاں پولیو کا وائرس موجود ہے، ویکسینیشن مہم کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک دشمن عناصر کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: لاہور میں انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز پر تشدد، 2افراد گرفتار


متعلقہ خبریں