ٹی ٹوئنٹی لیگز کی آئی سی سی سے منظوری کی تجویز سامنے آگئی

فائل فوٹو


ٹی ٹوئنٹی لیگز کی بھرمار اور ان میں کرپشن کی روک تھام کے لیے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئے اقدامات  پر غورشروع کردیاہے۔ ٹی ٹوئنٹی لیگز کی آئی سی سی سے منظوری کی تجویز سامنے آگئی ہے۔ 

انٹر نیشنل کرکٹرز کو ملک سے باہر سال میں صرف ایک لیگ کھیلنے تک محدود رکھنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

آئی سی سی کے تحت قائم ورکنگ گروپ کی جانب سے نئی تجا ویز سامنے آئی ہیں جس میں بتایا گیا کہ دنیا کی کئی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں انتظامی کمزوریوں اور کرپشن کے واقعات تواتر سے سامنے آ رہے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کرپشن کی روک تھام کے لیے آئی سی سی کو اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔اس سلسلے میں ان لیگز کو پہلے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اجازت لینے کا پابند کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

انٹر نیشنل کرکٹرز کو ملک سے باہر سال میں صرف ایک لیگ کھیلنے تک محدود رکھنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔اس حوالے سے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن کاکہنا تھاکہ غیر معیاری لیگز کرکٹ کیلیے نقصان دہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیل کا وقار برقرار رکھنے کیلیے ایک معیار پر مبنی ڈرافٹ تیار کیا گیا ہے جبکہ لیگز کی تعداد محدود کرنے سے کرکٹرز کو معقول معاوضے حاصل ہونے کی راہ ہموار ہوگی۔

دوسری جانب کرکٹ ماہرین کا خیال ہے کہ اگرانٹرنیشنل کرکٹرز کو سال بھر میں ایک ملکی اور ایک غیر ملکی لیگ کھیلنے کا پابند کیا گیا تو ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوجائے گا۔

خاص طور پر معاشی عدم استحکام کا شکار بورڈز کے تحت کھلاڑی ریٹائرمنٹ لینے کو ترجیح دینگے۔

یہ بھی پڑھیے: گلوبل ٹی ٹوئنٹی:شعیب ملک کی دھواں دار بیٹنگ، میڈیا باکس کے شیشے ٹوٹ گئے


متعلقہ خبریں