فاسٹ بالر حسن علی نے اپنے نکاح کی تیاریاں کرلیں


لاہور:گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی نے اپنے نکاح کی تیاریاں کرلی ہیں۔ 

حسن علی نے آج  لاہور کے سیلون سے کٹنگ کرائی اوربیوٹی سیلون سے فیشل بھی کرایا۔

واضح رہے کہ  حسن علی نے 2اگست کو بھارتی لڑکی سے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی ہونے والی دلہن کا نام سامعہ بتایا تھا۔

گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 20 اگست کو ان کی سادگی سے شادی ہونے جارہی ہے۔

حسن علی کا کہنا تھا کہ دبئی میں رات کے کھانے کی ایک تقریب پر ان کی سامعہ سے ملاقات ہوئی، اس وقت اپنے بھائی سے کہا میں اس سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ شادی میں پاکستانی لباس پہنوں گا اور اس کے بعد ہم پاکستان میں ہی رہیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ نکاح دبئی جبکہ رخصتی اور ولیمہ پاکستان میں ہوگا۔

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ان کی ہونے والی اہلیہ کی تصاویر کو انہوں نے جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیملیز کا دباؤ ہے اس لیے لڑکی کی تصویر سامنے نہیں لاسکتا۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل ایک بھارتی صحافی نے دعویٰ کیا تھا کہ حسن علی ایک بھارتی لڑکی سے 20 اگست کو شادی کررہے ہیں۔

صحافی کے مطابق لڑکی کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے ہے اور وہ ایمرٹس ایئرلائن میں انجینئر ہے۔

یہ بھی پڑھیے: حسن علی کی بھارتی لڑکی سے شادی کی تصدیق


متعلقہ خبریں