’کشمیر پر جنگ ہوئی تو پاکستان رہے گا نہ ہندوستان‘


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے خبردار کیا ہے کہ اگر کشمیر پر جنگ ہوئی تو پاکستان رہے گا اور نہ ہندوستان۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی ایک سالہ کارکردگی پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لیے پوری قوم متحد ہے اور دنیا میں خطے کی آواز اٹھ چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کئی بار بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بات کرنے کی کوشش کی، انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی بتایا کہ مودی بات کرنے کو تیار نہیں۔

معاون خصوصی نعیم الحق کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے بھارتی حکومت کی جانب سے مذاکرات نہ کرنے پر حیرانی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو پاکستانی حکومت سے بات کرنا پڑے گی اور ہم کشمیریوں کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

حکومتی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آئے تو ہر ادارہ دیوالیہ ہوچکا تھا اس لیے قرضے اتارنے کے لیے دوست ممالک سے امداد لی۔

’تین سے چار لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں‘

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ سال سے لوگوں کو گھر ملنا شروع ہوجائیں گے اور اس وقت ساڑھے تین سے چار لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں۔

نعیم الحق نے کہا کہ بے گھر افراد چند سال میں کم رقم دے کر گھروں کے مالک بن جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غریب عوام، یتمیوں اور بیواؤں کے لیے مختلف اسکیمیں شروع کی ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ دیہاتوں میں غریب طبقے کے لیے مویشیوں کی فراہمی کی اسکیم لارہے ہیں جبکہ ترقیاتی بجٹ کو دوگنا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے روزگاری کو کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پہلا سال مشکل گزرا کیوں کہ مشکل اور سخت اقدامات کرنا پڑے، دوسرا سال بہتر اور تیسرا اس سے بہتر ہوگا۔

’پی ٹی آئی حکومت سے ایک سال میں غلطیاں بھی ہوئیں‘

نعیم الحق نے اعتراف کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت سے ایک سال میں غلطیاں بھی ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان روز 18،18 گھنٹے کام کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں