’پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل ہونے کا معاملہ فیس بک، ٹوئٹر کے سامنے اٹھائیں گے‘

ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ حکام نے فیس بک اور ٹوئٹر کے سامنے پاکستانیوں کے اکاؤنٹ معطل کرنے کا معاملہ اٹھایا ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ فیس بک اور ٹوئٹر کے علاقائی ہیڈکوارٹر میں کام کرنے والا بھارتی عملہ ان اکاؤنٹس کے معطل ہونے کی وجہ ہے۔

انہوں نے صارفین سے درخواست کی کہ اگر وہ معطل ہونے والے اکاؤنٹس سے آگاہ ہیں تو پوسٹ میں رپلائی کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شکایت سامنے آرہی ہے کہ جب وہ کشمیر کے حق میں کچھ پوسٹ کرتے ہیں تو ان کے اکاؤنٹ معطل کردیے جاتے ہیں۔

اب تک فیس بک اور ٹوئٹر کی جانب سے متعدد اکاؤنٹ کو معطل کیا جاچکا ہے جبکہ اس حوالے سے ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ آج دن بھر چلتا رہا۔


متعلقہ خبریں