بھارت نے پوری مقبوضہ وادی کو جیل میں بدل دیا، فردوس عاشق اعوان

عمران خان نے مخالفین کو غلط ثابت کردیا، فردوس عاشق


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت نے اپنے ناجائز تسلط کو بر قرار رکھنے کے لیے پوری مقبوضہ وادی کو جیل میں بدل دیا ہے۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور بر بریت جاری ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حق کے لیے آواز اٹھانے والے بھارتی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ اعوان کا کہنا تھا کہ قومی مفاد کے لیے پوری قوم اور ساری قیادت منظم اور ایک ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ پچھلے 15 دن کے کرفیو کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں اشیائے خوردونوش کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی حکومت کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے اور حکومت آج کا دن کشمیری عوام کے نام کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج حکومت سے زیادہ پاکستان کے وجود پر بات کرنا زیادہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مسلسل کشمیریوں کی جنگ لڑتے ہیں اور حکومت نے جیسے مسئلہ کشمیر اجاگرکیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے لیے اپنے سیاسی معاملات پس پشت ڈالے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے آج کا خطاب اس لیےملتوی کیا تاکہ  وہ کشمیر کے معاملے پر بھر پور توجہ دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کشمیر کاز کومیڈیا کے ذریعے اجاگر کیا ہے اور کشمیریوں کی آس اور امید پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئےکشمیر کاز پر حکومت کی حمایت کرے۔

معاون خصوصی اطلاعات  نے کہا کہ مثبت تنقید جمہوریت کا حسن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 22 سال انتھک محنت کے بعد عمران خان کو کامیابی ملی۔

اعوان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے درست سمت میں پالیسی کا آغاز کیا ہے انہوں نے کہا کہ وہ پرامید ہیں بہتر معاشی پالیسی اور گڈ گورننس کی عمارت  جلد تعمیر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ایسے پاکستان کی تکمیل کی ہے جس میں حکمرانوں کا مفاد نہیں۔ نیا پاکستان کمزور،پسے ہوئے اور مستحق شہریوں کے حقوق کا محافظ ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ اپنی محنت سے عمران خان نے اپنے مخالفین کے اندازوں کو غلط ثابت کیا۔ قائداعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ان کا کہنا تھا  بابائے قوم نے سامراجی نظام کےخلاف جدوجہد کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا نظریہ مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ تھا، اور عمران خان نے قائداعظم کا سپاہی بن کر جدوجہد کا آغاز کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کی جدوجہد کی اور ہرادارے میں اصلاحات متعارف کرائیں۔

یہ بھی پڑھیں:  پی ٹی آئی حکومت کا پہلا سال بھیانک خواب ہے، وزیراعلی سندھ

معاون اطلاعات نے کہا کہ آج تک قیام پاکستان کا سفر تھا اور آج سے 18 اگست 2020 تک تعمیر پاکستان کا سفر ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 18، 18 گھنٹے کام کر کے ہر وزارت میں اصلاحات کیں،اور ایک سال میں نئے پاکستان کی تکمیل کی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ریلوے کا شعبہ زبوں حالی کا شکار تھا،اصلاحات سے پاورڈویژن میں بہتری آئی ہے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاوَسنگ اسکیم کےلیےحکومت اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہے،احساس اور انصاف معاشرے کےلیے ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کےلیے 152 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کےلیے پاکستان کے دروازے کھولے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب میڈیا کے ذریعےعوام سے جواب دہ ہیں۔ وزیراعظم کی قیادت میں نئی سیاحتی پالیسی بنائی گئی ہیں اور وزارت داخلہ کی کوششوں سےسرحدوں پر موثراقدامات کیے گئے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پوسٹل سروس کا ادارہ پہلی بار خسارے سے منافع کی طرف بڑھا، مواصلات کےلیے بھی نئی پالیسیز لائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر پاکستان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، حکومت شہریوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے خواتین کے لیے 25 فیصد قرضہ مختص کیا ہے، حکومت معیشت کے استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کامیاب سفارت کاری سے بھارت کی چالیں ناکام کیں اور 50 سال میں پہلی بار مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل سیاسی بیانیہ قومی بیانیہ پر حاوی ہوجاتا تھا۔ اعوان نے کہا کہ حکومت دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر پیش کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے نیشنل ایکشن پلان بنایا، جس میں مدرسہ اصلاحات کا ذکر تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات میڈیا اور حکومت کے درمیان پل کا کردار اداکرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات سے جڑے اداروں کا فعال ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں سوشل میڈیا کا ونگ قائم کیا گیا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت جلد ہی مستقل ویج بورڈ ایوارڈ کا اعلان کرنے جارہی ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے میڈیا پر اشتہاری مہم چلائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سابقہ حکومت کے میڈیا کے واجبات ادا کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اداروں کو بااختیاربنانے کا عمل شروع کیا ہے۔ پی ٹی وی پہلی بارخسارے سے نکل کرمنافع بخش ادارے میں تبدیل ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نئی اشتہاری پالیسی لارہی ہے اور پی آئی ڈی میں آن لائن اشتہارات کا سیل بنایاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  دنیا کو مسئلہ کشمیر پر بھارت کا اصل چہرہ دکھانا ضروری ہے۔


متعلقہ خبریں