’مودی کی کامیابی کی دعا عمران خان نے کی‘

گیس کی قیمتوں میں 600 فیصد اضافہ ہوا، نفیسہ شاہ

مودی کی کامیابی پر عمران خان کی مبارکباد: نئی بحث چھڑ گئی

حیدرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامرا کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی کامیابی کی دعا وزیراعظم عمران خان نے کی اور دعا قبول ہونے کے بعد خوشی میں سو گئے۔

حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مودی نے پہلے ہی کہا تھا کہ کامیاب ہوا تو کشمیر کے حوالے سے آئین میں ترمیم کرے گا تاہم عمران خان نے کہا تھا مودی سے ہاتھ ملاسکتا ہوں حزب اختلاف سے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو علم تھا تو جان کر انہوں نے سودا کیا اور اگر مودی کے اس اقدام کا علم نہیں تو آپ نااہل تھے۔

عاجز دھامرا نے کہا کہ یہ حکومت اب ٹوئٹر حکومت ہے جو کبھی بھی بلاک ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو خودکش حملہ کرکے زخمی کردیا گیا ہے جبکہ عدلیہ پر آپ نے قدغن لگائی۔

پریس کانفرنس کے دوران پی پی پی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہا کہ عید کی رات کو جو فریال تالپور کے ساتھ ہوا اس کی مذمت کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو عید کی نماز باجماعت نہیں پڑھنے دی گئی، یہ ریاست مدینہ نہیں ریاست کوفہ کی شکل اختیار کر گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تبدیلی سرکار کا پہلا سال مکمل ہوگیا، امید تھی کہ دھوم دھام سے بتاتے کہ انہوں نے کیا کام کیے۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ 100 دن میں کافی دعوے کیے ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔

’گیس کی قیمتوں میں 600 فیصد اضافہ ہوا‘

نفیسہ شاہ نے ماہر معیشت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا 20  لاکھ سے زائد نوجوان بے روزگار ہیں جبکہ گیس کی قیمتوں میں 600 فیصد اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت عالمی منڈی میں کم ہوئی تاہم پاکستان میں پیٹرول اور بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور ٹیکس میں اضافہ ہورہا ہے اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔


متعلقہ خبریں