پشاور، سوشل میڈیا پر لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والے ملزمان گرفتار


پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں سوشل میڈیا کے ذریعے لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والے دو نوجوان گرفتار کر لیے گئے۔

پولیس کی جانب سے کارروائی متاثرہ طالبہ کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر پر کی گئی۔

پشاور کے پھندو پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں طالبہ میں موقف اختیار کیا کہ ملزموں نے دوستی کرکے میری ویڈیوز اورتصاویرحاصل کیں۔

طالبہ کا کہنا تھا کہ ملزمان نے اس کی ویڈیوز یوٹیوب پر ڈالنے کی دھمکی دے کردو لاکھ روپے وصول کئے۔

پشاور کی رہائشی طالبہ نے بتایا کہ اس نے گھر سے پیسے چرا کر ملزمان کو دیے۔ جس کے بعد والدین سے لڑائی بھی ہوئی۔

متاثرہ لڑکی کا کہنا تھا کہ مبینہ بلیک میلرز میں سے ایک کے ساتھ اس کی شناسائی میٹرک کے پیپرز کے دوران ہوئی۔ فیس بک پر گفتگو کس سلسلہ جاری رہا جو بعد میں واٹس ایپ تک جا پہنچا۔

لڑکی کے مطابق عاشر نامی ملزم نے اپنے شہاب نامی دوست کو بھی شریک کیا جنہوں نے ڈرا دھمکا کر مجھ سے نازیبا تصاویر اور ویڈیوز حاصل کیں، منگنی ہو جانے پر انہی تصاویر پر مشتمل خط میرے، چچا اور منگیتر کے گھر بھیجے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دیگر لڑکیوں کو بھی بلیک میل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں