کشمیریوں کی مشکلات بڑھیں لیکن معاملہ عالمی سطح پر اجاگر ہوا، ملیحہ لودھی


اسلام آباد: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے لیکن عالمی سطح پر کشمیریوں کے لیے ماحول سازگار ہوگیا ہے۔

پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیاء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی ماحول تبدیل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے مغرب میں رائے عامہ بھی تبدیل ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود سلامتی کونسل کے پندرہ ممبران نے اجلاس پر اتفاق کیا، اب پاکستان کے لیے یہ چیلنج ہے کہ اس معاملے کو آگے بڑھانا ہے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ اجلاس میں جو بریفنگ دی گئی اس میں کھل کر بتایا گیا کہ بھارت کیا کر رہا ہے اور اس کے نتیجے میں کیا ہوسکتا ہے۔ چین، روس، برطانیہ اور امریکہ بھی چاہتے ہیں کہ اس مسئلے کا کوئی حل نکلے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھارت بوکھلا گیا ہے کیونکہ وہاں کے عوام چاہتے ہیں کہ بھارت وہاں سے نکل جائے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے، بھارت نے اپنے لیے مشکل صورتحال پیدا کرلی ہے جس سے وہ خوفزدہ بھی ہے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان، وزیرخارجہ اس حوالے سے مسلسل مشاورت کر رہے ہیں کہ اس معاملے پر اب مزید کیا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے اس کے لیے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا لیکن بھارت نے یہ راستہ بند کررکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت نے کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے، فخر امام

ان کا کہنا تھا کہ جب بات دو طرفہ مذاکرات سے نہیں بنی تو ہم نے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کی کوشش کی جس کے دوران امریکہ اور روس کی جانب سے ثالثی کی پیشکش سامنے آئی ہے۔

ڈاکٹرملیحہ لودھی اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ہیں، اس سے قبل وہ 1993 سے 1996 اور 1999 سے 2002 تک امریکہ میں پاکستان کی سفیر بھی رہ چکی ہیں۔ وہ 2003 سے 2008 تک برطانیہ میں ہائی کمشنر کی ذمہ داری بھی ادا کرچکی ہیں۔

ملیحہ لودھی جنوبی ایشیاء میں انگریزی اخبار(دی نیوز) کی پہلی ایڈٹیر بنیں، 1994 میں ٹائم میگزین نے انہیں ان سو افراد کی فہرست میں شامل کیا جنہوں نے اکیسیویں صدی میں سمت متعین کرنی ہے۔

انہوں نے Pakistan’s Encounter, The External Challenge اور Pakistan: Beyond the Crisis State کے نام سے تین کتابیں بھی لکھ رکھی ہیں۔


متعلقہ خبریں