جنگی جنون میں مبتلا بھارت آبی جارحیت پر اُتر آیا



اسلام آباد: لائن آف کنڑول پر مسلسل بلااشتعال فائرنگ کے بعد جنگی جنون میں مبتلا بھارت آبی جارحیت پر اُتر آیا۔

ذرائع کے مطابق انتہا پسند بھارتی حکومت نے لداخ ڈیم کے پانچ میں سے تین سپل ویز کھول دیئے جس کی وجہ سے دریائے سندھ اور ستلج میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ دریائےستلج میں پانی چھوڑنے سے گنڈا سنگھ  کے مقام پر پانی کا بڑا ریلا آج دن 11 بجے گزرے گا۔

نیشنل ڈیزاسٹرمینیجمنٹ اتھارٹی پاکستان(این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پاک فوج کے دستوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔

بھارت کی آبی جارحیت کے باعث دریائےستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ہزاروں ایکڑ زمین اور سینکڑوں دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائےستلج کے کنارے سےلوگوں کا انخلا یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں امدادی انتظامات زیر غور آئے،  انہوں نے چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی ڈی ایم اے کو اس ضمن میں ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کےساتھ رابطے میں فقدان کے باعث پہلے سے الرٹ جاری کرنا ممکن نہیں۔

ڈائرکٹر پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام مقامات پر اسٹاف الرٹ ہے، پانی کے ریلے کو کنٹرول کر لیں گے۔

پانی کا ریلا قصور، اوکاڑہ ، پاکپتن، بہاولنگر، لودھراں، وہاڑی، اور بہاولپور کے علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔


معاونت
متعلقہ خبریں