بھارتی وزیردفاع کی پہلے گیدڑ بھبھکی، اب مضحکہ خیز دعویٰ

‘ پاکستان رویہ ٹھیک کرے ورنہ مزید ٹکرے کر دیں گے’

ہریانہ: بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک مرتبہ پھر روایتی بڑک مارتے ہوئے مضحکہ خیز دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات مقبوضہ کشمیر پر نہیں صرف آزاد کشمیر پر ہو سکتے ہیں۔

بھارتی وزیردفاع نے چند روز قبل گیدڑ بھبھکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت اب تک جوہری ہتھیار استعمال کرنے میں پہل نہ کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا تھا لیکن آئندہ کی حکمت عملی وہ صورتحال دیکھ کر وضع کرے گا۔

راج ناتھ سنگھ نے یہ گیدڑ بھبھکی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے محض چند گھنٹے قبل دی تھی اجلاس میں بھارت کو منہ کی کھانی پڑی تھی کیونکہ پاکستان اپنی کامیاب سفارتی حکمت عملی کے باعث 70 سال بعد سلامتی کونسل کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر اٹھوانے میں کامیاب ہوا تھا۔

سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل بھارتی وزیر دفاع کی دھمکی یا ۔۔۔؟

بھارت کے وزیردفاع کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے پالیسی میں تبدیلی کے عندیہ پرسیاسی مبصرین نے اسی وقت کہا تھا کہ بھارت نے دراصل سلامتی کونسل کے اراکین پردباؤ بڑھانے کے لیے یہ بیان دلوایا ہے لیکن اجلاس کے نتائج نے ثابت کیا کہ مظلوم کشمیریوں کے حوالے سے اراکین ممالک کسی قسم کے دباؤ کا شکار نہیں ہوئے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق فرانس تک نے بھارت کا سلامتی کونسل کے اجلاس میں ساتھ نہیں دیا حالانکہ وہ اس کے ہتھیاروں کا اس وقت بہت بڑا خریدار ہے۔

بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کی قیادت کو عالمی سطح پر جس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس سے توجہ ہٹانے کے لیے اندرون ملک بی جے پی کی رہنما نہ صرف بے سر و پا باتیں کررہے ہیں بلکہ تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کے جرم میں مبتلا ہو کر اپنے ہی سنجیدہ لوگوں کی نظروں میں مذاق کا نشانہ بھی بن رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں سبکی کا سامنا کرنے کے بعد بھارتی وزیردفاع نے ہریانہ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک نے عالمی دروازے پر دستک دی لیکن ہم مصروف عالمی قوتوں کو ایسے معاملے میں الجھانا نہیں چاہتے جسے ہم خود حل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ آئین کی شق 370 کا خاتمہ کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے وہاں کے شہریوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔

بھارت کے ریٹائرڈ فوجی افسر نے پاکستان کو منانے کا راز بتادیا

حیرت انگیز امر ہے کہ جس وقت بھارت کے وزیردفاع ہریانہ میں عوام کو بے سرو پا ’بھاشن‘ دے رہے تھے اس وقت جنت نظیر کشمیر کے باسی مودی حکومت کے اقدامات کے باعث وادی چنار میں سلگنے والے ’جہنم‘ میں زندگی بسر کرتے 14 روز گزار چکے تھے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق مودی حکومت کے غیرانسانی اقدامات کے باعث مقبوضہ وادی کشمیرمیں عوام الناس اشیائے خورو نوش کی شدید قلت کا شکار ہیں، مریض ادویات کی عدم دستیابی کے سبب بے حال ہیں، بچے دودھ اور غذائی اشیا نے ملنے کی وجہ سے بلک رہے ہیں، غیر قانونی عقوبت خانوں میں بے گناہوں اور مظلوموں کی چیخیں سنگلاخ دیواروں سے ٹکرا کر دم توڑ رہی ہیں، سڑکوں پہ سناٹے کا راج اور قابض بھارتی فوجیوں کا پہرہ ہے، مساجد پہ قفل لگے ہوئے ہیں اور بیماروں کو اسپتال تک منتقل کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

’نہرو اور گاندھی کا ہندوستان مودی نے دفن کر دیا‘

بھارتی ریاست ہریانہ کے پنچکلا ضلع کے کالکا اسمبلی حلقے میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پڑوسی بالاکوٹ کے بعد دوسری بڑی ممکنہ کارروائی کے سلسلے میں ڈرا ہوا ہے۔ انہوں نے عقل و شعور سے عاری بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے ہماری طاقت کا احساس ہوچکا ہے۔

مبصرین کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے لوگوں کو یہ نہیں بتایا کہ ڈرا ہوا پڑوسی گرفتار پائلٹ کو چند گھنٹوں کے اندر نہایت پراعتماد انداز میں سرحد پہ دشمن کے حوالے نہیں کیا کرتا ہے۔ یہ حوصلہ انہی اقوام میں ہوتا ہے جو حقیقتاً بہادر و جری ہوتی ہیں اورجنہیں اپنے قوت بازو پہ بھروسہ ہوتا ہے۔

پاکستان 1999 اور 2019 میں بھارتی ایئرفورس کے طیاروں کو مار گرانے کے بعد پائلٹوں کو زندہ بھارت کے حوالے کرکے عالمی دنیا کو اپنی امن پسندی کا جیتا جاگتا ثبوت دے چکا ہے۔ اس کا اعتراف عالمی دنیا سمیت خود بھارت کے ریٹائرڈ فوجی افسران کرچکے ہیں۔

راج ناتھ سنگھ کو مضحکہ خیز دعویٰ کرتے ہوئے یاد نہیں ہو گا کہ صرف جنگی میدان ہی میں نہیں پاکستان نے کرکٹ کے میدان میں بھی بھارت کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سری کانت کو دوبارہ بلا کر بیٹنگ کا ’انوکھا‘ موقع دیا تھا اور پھر اگلی ہی گیند پہ دوباہ آؤٹ کرکے پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ یہ فیصلہ بھی پاکستان کو اپنے قوت بازو پہ بھروسہ ہونے کا مظہر تھا۔

بھارتی بلے باز سری کانت کو دوبارہ بیٹنگ کے لے بلانے کا فیصلہ اس وقت قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان عمران خان نے کیا تھا جو آج وزیراعظم پاکستان ہیں جب کہ اسے دونوں مرتبہ آؤٹ کرنے والے کھلاڑی وقار یونس تھے جو نوجوت سنگھ سدھو المعروف پاجی کو صفر پہ آؤٹ کر کے بھارت میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑ چکے تھے۔

بھارت کے وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے مقبوضہ وادی کشمیر میں گزشتہ 15 روز سے جاری کرفیو کے بعد بھی اپنی تقریر میں یہ دعویٰ کیا کہ کشمیر میں حالات معمول کے مطابق ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید بہتر ہوجائیں گے۔


متعلقہ خبریں