شہباز شریف خاندان کے خلاف وعدہ معاف گواہان نے ضمانت کی درخواست دے دی


لاہور: قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف، ان کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹوں حمزہ اور سلمان کے خلاف وعدہ معاف گواہوں نے ضمانت کے حصول کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ 

ہم نیوز کے مطابق شہباز شریف کے خاندان کے خلاف وعدہ معاف گواہان شاہد رفیق اور آفتاب محمود نے عدالت میں درخواست دائر کردی ہے جس میں جسٹس ریٹائرڈ کاظم علی ملک کی وساطت سے  نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کی کرپشن سے متعلق وعدہ معاف گواہ بن کر بیانات ریکارڈ کروا دیے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز سمیت دیگر کی بدعنوانی میں سہولت کار کا کردارادا کیا اورعثمان انٹرنیشنل نامی کمپنی سے رقوم شریف فیملی کے اراکین کو منتقل کیں۔

درخواست گزار نے بتایا کہ برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے جعلی افراد کے نام پر کالا دھن سفید کیا، بدعنوانی سے متعلق بیان ریکارڈ کروانے پر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری درخواست ضمانت منظور کی جائے۔

یاد رہے دوماہ  قبل لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ سے متعلق انکوائری میں شہبازشریف خاندان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے مشتاق چینی کی درخواست ضمانت 5،5لاکھ روپے کے 2مچلکوں کے عوض منظور کی تھی۔

 


متعلقہ خبریں