اگر کوتاہیاں دور نہ کیں تو خونی انقلاب آئے گا،شہباز شریف


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جب تک احتساب کا نظام بہتر نہیں ہوگا، پرفارمنس میں بہتری ممکن نہیں ہے۔ ہم سب کو قومی مفاد کی اولین ترجیحات کے لئے ایک صفحے پر آنا ہوگا۔

ڈاکٹر عشرت حسین کی کتاب ( گورننگ دی ان گورن ایبل) کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عشرت العباد نہایت پروفیشنل آدمی ہیں۔ انہوں نے اپنی کتاب میں موجودہ حالات کا تذکرہ کیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عشرت حسین نے اپنی کتاب میں بتایا ہے کہ بیوروکریسی کا اسٹرکچر کیسا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ ہماری بیروکریسی قابل ہے یا انڈیا اور بنگلہ دیش کی، انڈیا اور بنگلہ دیش میں بھی کرپشن ہوتی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم نیوکلئر طاقت ہیں۔ سول اور فوجی حکومت کی مشترکہ کوششوں سے ہم ایک محفوظ ملک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو قومیں اپنی معیشت کو مضبوط کرتی ہیں وہی عزت پاتی ہیں۔ ہم جہاں غلطی پر ہیں وہاں اس کو سدھارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اگر ہم نے فوری طور پر کمیوں اور کوتاہیوں کو دور کرنے کے لئے کام نہ کیا تو خونی انقلاب آئے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لوگوں کو تربیت دینا ہو گی تا کہ ملک آگے چل سکے۔ ہمیں پوائنٹ اسکورنگ سے اجتناب کرنا ہو گا۔ چاہے کوئی سیاستدان ہے یا کوئی بیوروکریٹ، سب کو احتساب کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں بے شمار ترقیاتی کام کروائے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سابق گورنر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی کرپشن کے خلاف کوششیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام کیا ہے۔


متعلقہ خبریں