کراچی: رواں سال شہریوں کی ہلاکتوں میں 20 فیصد اضافہ

فوٹو: فائل


شہرِ قائد کراچی میں گزشتہ سال کی نسبت رواں سال شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد میں بیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق سال 2019 کے ابتدائی سات ماہ کے دوران پولیس اہلکاروں سمیت دو سو پنتیس افراد ہلاک ہوئے جبکہ شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی گاڑیوں سے بھی محروم کیے گئے۔

اس ضمن میں سٹیزن پولیس لیژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی میں دو ہزار اٹھارہ اور انیس کے دوران  بہت کچھ  بدلا لیکن شہریوں کے امن و امان کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے۔

رپورٹ کے مطابق روشنیوں کے شہر میں گزشتہ سال 2018 کے ابتدائی سات ماہ کے دوران  مخلتف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 199 تھی جبکہ رواں سال اس میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کراچی میں موبائل فون کی چوری اور چھینا چھپٹی میں 2018 کے مقابلے میں اس سال 45 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

2018 کے ابتدائی سات ماہ میں 19،175 موبائل فون چوری اور چھینے گئے تھے جبکہ 2019 کے سات ماہ میں 27،543  فون چوری اور چھینے جا چکے ہیں۔

رواں سال کے سات ماہ میں موٹر سائیکل چوری اور چھینے جانے میں اضافہ ہوا ہے اور اس ضمن میں 16،351 کیس درج ہوئے جبکہ گزشتہ سال موٹرسائیکل چوری ہونے  کے 15،974 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق 2019 کے سات ماہ میں 935 گاڑیاں چوری اور چھینی جا چکی ہیں جبکہ گزشتہ سال ان کی تعداد 828 تھی۔


متعلقہ خبریں