یوراج سنگھ کا ٹوئٹر پر شعیب اختر کو مزاح سے بھرپور جواب


اسلام آباد: بھارت کے سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ ان دنوں ٹوئٹر پر بہت مقبول ہو چکے ہیں اور حال ہی میں راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کو جوابی ٹوئٹ پر ان کے مداح ہنسنے پر مجبور ہو گئے۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین جاری ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران ایک ناخوش گوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب جوفرا آرچر کی گیند اسٹیو اسمتھ کے گردن پر لگ گئی مگر انگلش پیس اسٹار آسٹریلوی بلے باز کے پاس جا کر ان کا حال پوچھنے کے بجائے واپس اپنے رن اپ کی جانب چل پڑے۔

جوفرا آرچر کے اس عمل پر پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ باولر شعیب اختر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ باؤنسر کھیل کا ایک ضروری حصہ ہے، جب کبھی بھی گیند بلے باز کے سر پر لگتی ہے تو وہ گر جاتا ہے اور اخلاقی طور پر گیند باز اس کے پاس جا کر حال پوچھتا ہے، میں نے اپنے کریئر کے دوران کئی مرتبہ ایسا کیا ہے۔‘‘

شعیب اختر کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے یوراج کا کہنا تھا کہ ’’ ہاں بالکل آپ ایسا کرتے تھے مگر آپ کا مقصد یہ ہوتا تھا کہ بلے باز کو یہ پیغام پہنچا دیں اگر وہ ٹھیک ہے تو اسے مزید باؤنسر مار سکیں‘‘۔

خیال رہے گردن پر گیند لگنے کے بعد آسٹریلوی بلے باز انجری کے باعث پویلین چلے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں