’بل گیٹس، ملالہ اور مارک زکربرگ کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے‘


وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمارے آفیشل ہیش ٹیگ تِھنک فیوچر کے تحت اکتوبر میں اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی کانفرنس ہو گی جس میں شرکت کے لیے بل گیٹس، ملالہ یوسفزئی، مارک زکربرگ اور ایلان مسک کو  پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھنک فیوچر کے تحت پاکستان انوویشن ویک کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے عوام کو جدید نظریات کی بنیاد پر اپنی ایجادات سامنے لانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ اگر ججز نے ایجاد کی منظوری دے دی تو وزارت اس کی تکمیل و ترویج کے لیے 100 فیصد سرمایہ کاری کرے گی۔

چاند پر پاکستانی کو بھیجنے کے پراجیکٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بنیادی طور پر یہ پاک فضائیہ اور سپارکو کا پراجیکٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں چاند پہ جانے والوں کا انتخاب فضائیہ کرتی ہے، 99.9 فیصد چاند پہ جانے والے لڑاکا طیاروں کے پائلٹ ہوتے ہیں کیونکہ ان کی تربیت زیادہ سخت ہوتی ہے جبکہ خلا میں جانے کے لیے تربیت نسبتاً آسان ہوتی ہے۔

گفتگو کو مزاحیہ سمت میں موڑتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر مجھے چاند پر جانے کا شوق نہیں ہے۔

قمری کلینڈر کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا  کہ مولوی صاحبان ہر بات پر لڑتے رہتے ہیں اس لیے ہم نے بھی اپنا حصہ ڈال لیا۔

ذاتی زندگی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ جلد غصے میں نہیں آتا اور بچوں پر تو بالکل بھی غصہ نہیں کرتا۔

عید کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت مصروف دن ہوتے ہیں، گھر والوں کا صدا کا گلہ ہے کہ انہیں وقت نہیں دیتا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے بتایا کہ مجھے کھانے میں آلو گوشت پسند ہے لیکن بنانا صرف انڈہ ہی آتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بےباکی کبھی کبھی بہت مہنگی بھی پڑ جاتی ہے، وزیراعظم سے بھی یہ بات شیئر کر رکھی ہے کہ جو دل میں ہے وہی منہ پر ہوتا ہے۔

خود پہ بننے والی میمز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت مزاحیہ ہوتی ہیں اور وہ ان سے بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔

وزارت اطلاعات کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل شعبہ ہے کیونکہ وزیراعظم خود اس میں بہت گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اس انہیں اس سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔

میڈیا کے بارے یں فواد چوہدری نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت خطرناک چیز ہے، اس میں اچھے ہونے پر بہت شہرت ملتی ہے جبکہ برے ہونے پر بہت گالیاں بھی پڑتی ہیں۔

اس سوال کے جواب پر کہ کیا آپ اچھے سیاستدان ہیں، وکیل، ہیں، والد، شوہر یا بیٹے؟ انہوں نے مسکرا کر جواب دیا کہ میں ایک اچھا پیکج ہوں۔

نئے پاکستان میں لائی جانے والی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ہم برآمدات کو بڑھانے اور درآمدات کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے آئندہ پراجیکٹس کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہلم میں 200 ایکڑ اراضی پر ہربل میڈیسن پارک بنا رہے ہیں۔ ہم وہیں پہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی شراکت سے بائیو ٹیکنالوجی پارک بھی بنانا چاہتے ہیں۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ ٹیکنالوجی اور ایگریکلچر، واٹر ٹیکنالوجی اِن ایجوکیشن، بائیو ٹیکنالوجی اور فیوچر ٹیکنالوجی پر پانچ ٹاسک فورسز بنائی گئی ہیں، ان کی تمام ریسرچ اکٹھا کر کے آگے لے کر جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر آپ سیاست میں دلچسپی نہیں لیتے تو آپ ان لوگوں کو خود پر حکومت کرنے کا موقع دیتے ہیں جنہیں آپ پسند نہیں کرتے لہٰذا سیاست میں دلچسپی لازماً رکھنی چاہیے۔

آخر میں انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ برفانی تیندوے کو مت ماریں، اس نسل کا وجود خطرے میں ہے اس کی نسل کشی کو روکیں۔


متعلقہ خبریں