اسمگلنگ کی روک تھام :مارکیٹوں میں موجود درآمدی سامان کی تحقیقات کا فیصلہ


اسلام آباد:فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر)نے مقامی مارکیٹوں میں موجود اسمگل شدہ سامان کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کرلیاہے۔

اس سلسلے میں ایف بی آرکی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن اور ان لینڈریونیوکے افسران پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو شاپنگ پلازہ اورمقامی مارکیٹوں میں جا کر درآمدی سامان کی جانچ پڑتال کریں گی۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا آغاز یکم ستمبر 2019 سے کیاجائے گا۔ایف بی آرکی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہاگیاہے کہ دکانوں پر چیکنگ کے دوران دکانداروں سے درآمدی اشیاء کے دستاویزات طلب کئے جائیں گے۔

دستاویزات کی عدم دستیابی کی صورت میں دکانداروں کو مناسب وقت دیاجائے گا تاکہ دکاندار اس سلسلے میں جواب دے سکیں تاہم ایف بی آر نے ممبر کسٹمز (آپریشن) اور ممبر (آئی آرآپریشن) کو مشترکہ ٹیموں کی نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

یف بی آرکی انٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن کے کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو کے ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ مشترکہ ٹیمیں تشکیل دیں۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کی وجہ سے قومی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے جبکہ مقامی انڈسٹری بھی اس سے بری طرح متاثرہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسمگلنگ کیخلاف بھرپور کارروائی کا امکان


متعلقہ خبریں