بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا ہے، بلاول بھٹو زرداری

فوٹو: فائل


 چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مودی نہ منموہن ہے نہ واجپائی، ہم شروع سے خبردار کرتے آرہے ہیں،مودی کا ہندوتوا کا نظریہ ہے، اسے تو ویزا تک نہیں ملتا تھا۔ بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا ہے۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلتستان ڈویژن اور ضلع اسکردو کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران گلگت بلتستان کے دورے کے موقع پر اسکردو پہنچنے پر کی۔

پی پی گلگت بلتستان کے صدر امجد ایڈووکیٹ، سابق وزیراعلی سید مہدی شاہ، رکن گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم،سعدیہ دانش، شہزاد آغا، بشارت ظہیر، وزیر وقار اور الطاف استوری  بھی ملاقات میں موجود تھے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پی پی بلتستان کے راہنماؤں نے خطے کی سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے عہدیداران کو تنظیمی امور کے حوالے سے ہدایات دیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلتستان کے عہدیداران اور کارکنان سے خطاب میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے کشمیر کے ساتھ وعدوں کو پورا کریں گے،پاکستان پیپلزپارٹی کشمیریوں کی حقیقی آواز ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک کٹھ پتلی فاشست کیسے دوسرے کٹھ پتلی فاشسٹ پر تنقید کرسکتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ ایک شخص جو اپنے ملک میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑارہا ہے، وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر کیسے بات کررہا ہے؟

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ وہ بلتستان کے لوگوں کو سننے آئے ہیں، ان سے ملکی مسائل کے حل پر رائے لینا چاہتے ہیں۔ اگر ہمیں اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنا پڑے تو مجھے یقین ہے کہ پورا گلگت بلتستان ہمارے ساتھ ہوگا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 22 اگست کو اسکردو جبکہ 24 اگست کو گھانچے میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ وہ کل استور کے لئے روانہ ہوں گے جہاں وہ ورکرز کنونشن میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت مسئلہ کشمیر کو سنجیدگی سے لے، بلاول بھٹو


متعلقہ خبریں