اسپاٹ فکسنگ کیس، شرجیل خان نے معافی مانگ لی

اسپاٹ فکسنگ کیس، شرجیل خان نے معافی مانگ لی

فوٹو: فائل


لاہور: اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹر شرجیل خان نے پوری قوم سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام اور اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث شرجیل خان کے درمیان آج ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں شرجیل خان کی کرکٹ میں واپسی کا لائحہ عمل ترتیب دیا گیا۔ ری ہیب پروگرام کے مطابق شرجیل خان کو اینٹی کرپشن کوڈ پر لیکچر لینا اور دینا ہو گا۔

ملاقات میں طے پایا کہ شرجیل خان کو سوشل سروس کے طور پر یتیم خانے کا دورہ بھی کرنا ہو گا جبکہ شرجیل خان کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور اسپورٹنگ اسٹاف کے ساتھ ایک نشست رکھنی ہو گی۔

کرکٹر شرجیل خان نے کہا کہ میں پی سی بی، اپنی ٹیم، شائقین کرکٹ اور اپنے اہلخانہ سے غیرمشروط معافی مانگتا ہوں کیونکہ میرے ایک غیر ذمہ دارانہ عمل کے باعث انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور اب یقین دلاتا ہوں مستقبل میں ذمہ داری کا مظاہرہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام کرکٹرز پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پی سی بی کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی پر انہیں وقتی فائدہ دے سکتی لیکن اس کے نتائج پورے کیریئر پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

ڈائریکٹر پی سی بی سیکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ آصف محمود نے کہا کہ شرجیل خان نے آج ملاقات میں اپنے کیے پر شرمندگی اور ندامت کا اظہار کیا ہے تاہم پی سی بی کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں شرجیل خان نے پابندی تسلیم کرلی، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی درخواست

شرجیل خان پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹو میں اسپاٹ فکسنگ کے باعث پابندی عائد کر دی گئی تھی جس کی سزا 10 اگست کو ختم ہو گئی۔


متعلقہ خبریں