دریائے ستلج میں بھارت کی طرف سے آنے والے پانی کے سبب سیلاب کا خطرہ


پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کا کہناہے کہ دریائے ستلج میں بھارت کی طرف سے آنے والے پانی کے سبب سیلاب کا خطرہ تاحال موجود ہے۔ 

ترجمان این ڈی ایم اے برگیڈئیر مختار احمد نے کہاہے کہ دریائے ستلج میں پانی کے بھاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،اس وقت گنڈا سنگھ والا پر پانی کا لیول 16.7 فٹ اور بھاؤ 26400 کیوسک ہے۔

برگیڈئیرمختاراحمد نے کہا ہے کہ فیڈرل فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق بھارت سے آنے والا بڑا سیلابی ریلہ 20 اور 21 اگست کی درمیانی رات کو گنڈا سنگھ والا ہیڈ ورکس سے گزرے گا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہناہے کہ اس بڑے سیلابی ریلے میں 150000 کیوسک سے زیادہ کا پانی آنے کا خدشہ ہے۔ یہ ریلہ 23اگست کو سیلیمانکی ہیڈ ورکس سے گزرے گا،25اگست تک یہ ریلہ اسلام ہیڈ ورکس پر پہنچ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد یہ سیلابی  ریلا 28اگست کو پنجند کے مقام پر دریائے چناب میں شامل ہو جائے گا۔ دریائے راوی میں بھی پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے لیکن ابھی تک کوئی سیلابی کیفیت نہیں ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے راوی کے اطراف میں نشیبی علاقوں کے رہائشیوں سے گزارش ہے صورتحال سے آگاہ رہیں اور تمام تر حفاظتی اقدامات اپنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: راوی اور ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ


متعلقہ خبریں