کشمیر میں شہریوں نے کرفیو توڑنے کی کوشش کی، وزیر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کو سخت مزاحمت کا سامنا ہے گزشتہ روز بھی شہریوں کی جانب سے کرفیو توڑنے کی کوشش کی گئی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز اور کشمیریوں کے مابین مڈ بھیڑ کی اطلاعات آ رہی ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے اصل حقائق اس وقت ہی سامنے آئیں گے جب کرفیو اٹھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر دفاع کا غیر ذمہ دارانہ بیان اور ان کے عزائم سب کے سامنے ہیں تاہم دنیا کے سامنے آج ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں۔

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع  کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر اور افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم نے اپنا آئینی حق استعمال کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں جنگی جنون میں مبتلا بھارت آبی جارحیت پر اُتر آیا

واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔ سابق زیر اعظم نواز شریف نے 25 نومبر 2016 کو جنرل راحیل شریف کی جگہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بری فوج کا نیا سربراہ مقرر کیا تھا۔


متعلقہ خبریں