عمران خان نے بشری مانیکا سے نکاح کا اعلان کر دیا


لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی روحانی پیشوا بشریٰ مانیکا سے نکاح کا اعلان کر دیا ہے.

تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق عمران خان نے  بشریٰ مانیکا سے 18 فروری کو نکاح کرلیا ہے۔

پی ٹی آئی کے چئیر مین کا نکاح مفتی سعید نے پڑھایا۔ نکاح میں عمران خان اور بشریٰ مانیکا کے قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کے مطابق نکاح کی تقریب بشریٰ مانیکا کے بھائی کے گھر طے پائی۔

بشریٰ مانیکا کا تعلق پاکپتن کے مانیکا خاندان سے ہے جو وٹو خاندان کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔  بشریٰ مانیکا اس سے قبل اسلام آباد کے کسٹم افسر خاور فرید سے رشتہ ازدواج میں منسلک تھیں۔ دونوں کے درمیان کچھ ماہ پہلے طلاق ہوئی تھی۔

عمران خان کی پہلی شادی جمائما گولڈز سمتھ سے 1995 میں ہوئی۔ 2004 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔ 2015 میں عمران خان نے ریحام خان سے شادی کی مگر یہ رشتہ دس ماہ بعد ہی طلاق کی صورت میں ختم ہوگیا۔

عمران خان کے ساتھی عون چوہدری اور زلفی بخاری بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ وہی دونوں کے نکاح کے گواہ بھی بنے۔

نکاح کی سادہ سی تقریب میں چند قریبی ساتھی ہی شریک رہے۔

عمران خان کی بہنوں کا کہنا ہے کہ انہیں نکاح کی اطلاع دی گئی نا ہی مدعو کیا گیا، ٹیلی ویژن کے ذریعے اطلاع ملی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 65 سالہ عمران خان کے تقریبا 50 سالہ بشری مانیکا سے نکاح کا حق مہر پانچ لاکھ روپے سے کم مقرر کیا گیا ہے۔ دلہا کے پہلی بیوی سے دو جب کہ دلہن کے اپنے پہلے شوہر سے پانچ بچے ہیں۔


متعلقہ خبریں