گھروں کی تعمیر کے لیے پانچ ارب روپے جاری کرنے کی منظوری



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گھروں کی تعمیر سے متعلق منصوبے کے لیے پانچ ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

مشیر خاص برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر بات کی گئی ہے۔

کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  گھروں کی تعمیر کے لیے غریب لوگوں کو بلا سود قرض دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے پانچ ارب روپے چاروں صوبوں میں یکساں تقسیم کیے جائیں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اس سال ہاوسنگ سیکٹر کی انڈسٹری دوبارہ بحال ہوگی کیوں کہ مہنگائی اور بیروزگاری کو ختم کرنے کے لیے  اس صنعت کا لگنا ضروری ہے۔

کابینہ اجلاس میں شریک وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے کابینہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ رابطوں پر بھی بریفنگ دی۔

مزید پڑھیں: کشمیر کی صورتحال، سعودی ولی عہد کا عمران خان کو ٹیلی فون

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گا اور اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

بے باک مؤقف اپنانے پر کابینہ نے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج سے پہلے کبھی مسئلہ کشمیر کو اتنی توجہ حاصل نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے میدان میں آ گئے

اجلاس کے دوران عیسائی شہریوں کی شادی اور طلاق سے متعلق ترمیمی بل پارلیمنٹ کی کمیٹی میں پیش کرنے جبکہ گھریلو تشدد کی روک تھام سے متعلق قانون سازی کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

پاک ترک اسٹرٹیجک اقتصادی فریم ورک اور گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے لیے پانچ ارب کے قرض جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ 9 پاک ترک جوائنٹ ورکنگ گروپس بنائے گئے ہیں اور پاکستان کی طرف سے اس کی سربراہی منسٹر اکنامک افیئر کریں گے۔

مذکورہ 9 گروپس 71 نکات پر بات کریں گے جس میں فری ٹریڈ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی جیسے معاملات شامل ہیں۔

وزارت توانائی کی جانب سے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کسی خرابی یا جل جانے کی صورت میں ٹرانسفارمر کی مرمت اب حکومتی خرچہ پر ہوگی۔

 

 


متعلقہ خبریں