’امریکی صدر پاکستان اور بھارت میں ثالثی کا کردار ادا کررہے ہیں‘

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کشمیر کے مسئلے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ہم  نیوز سے خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے امریکی صدر کے شکر گزار ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ وادی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے خطے کی صورتحال میں دلچسپی لینے پر امریکی صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ہونے والی گفتگو کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ٹرمپ سے کہا بھارت کی جارحانہ پالیسی جاری ہے۔ وزیراعظم نے ٹرمپ سے کہا کہ آپ صحیح ہیں تو انسانی حقوق کی ٹیموں کو مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے۔

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے عوام تشویش میں مبتلا ہیں کہ سرکار ہمیں کہاں دھکیل رہی ہے۔ دنیا بھی بھارتی وزیر دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو دیکھ رہی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان رابطہ

وادی چنار کے حالات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نےمقبوضہ کشمیر کو نیوکلیئر فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے، وادی میں مسلمانوں کو ذبح کیا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 3 ہفتوں سے کرفیو نافذ ہے، اسکول بند پڑے ہیں۔

مقبوضہ ریاست میں عوام کو نماز عید ادا اور قربانی کرنے نہیں دی گئی، وادی میں جو کچھ ہو رہا ہے سب کے علم میں ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کب تک یہ سناٹا رہے گا؟ کب تک یہ ظلم رہے گا؟

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس  کی صفوں سے جنم پانے والی حکومت نے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا ہے۔ ہماری سوچ آر ایس ایس کی نہیں ہے ہم اپنی اقلیتوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سب متحد ہیں۔ یہ تنقید کا وقت نہیں ہے کشمیر کے معاملے کی نزاکت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر حکومت کے ساتھ ہیں۔

مسئلہ کشمیر پر اپوزیشن سے بھی تجاویز مانگ رکھی ہیں، کشمیری عوام مسئلہ کشمیر میں  کلیدی کردار ادا کررہےہیں۔


متعلقہ خبریں